نئی دہلی (ویب ڈیسک )بنکاک میں پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات ہوئی جس میں لائن آف کنٹرول اور کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 25 دسمبر کو بھارتی جاسوس کلبھوشن سے اس کے اہل خانہ کی ملاقات کے ایک روز بعد 26 دسمبر کو پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں خفیہ ملاقات ہوئی۔ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور بھارتی ہم منصب اجیت ڈوول کی ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی۔ یہ میٹنگ پہلے سے طے شدہ تھی جس کا کلبھوشن اور اہل خانہ کی ملاقات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں لائن آف کنٹرول اور کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی۔ ناصر جنجوعہ نے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر آزاد کشمیر میں بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہورہے ہیں۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور پاکستانی فوج کو بھی اس ملاقات سے باخبر اور تفصیلات کا علم تھا جبکہ خصوصی طور پر اس میٹنگ کا اہتمام ایک غیرجانبدار مقام پر کیا گیا تھا۔