بھارت: پولیس اہلکار نے ساتھیوں پر فائر کھول دیا،4 ہلاک

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پولیس اہلکار نے اپنے ہی 4 ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور کے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کیمپ میں پولیس اہلکار نے ساتھیوں پر فائر کھول دیا، جس سے 4 پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے 4 اہلکاروں میں سے تین فائرنگ کرنے والے اہلکار سے عہدے میں سینئر تھے۔ فائرنگ کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا تاہم ساتھیوں کے قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ گولی چلانے والے اہلکار کی شناخت ساننت کمار کے نام سے ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ چھتیس گڑھ کا ضلع بیجاپور شورش زدہ علاقہ ہے جہاں نکسل آزادی کی جدوجہد جاری ہے۔

 

فلسطین کاز کی حمایت سعودی فرمانروا کا شیوہ ہے: امام کعبہ

مکہ مکرمہ: (ویب ڈ یسک) مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر ماہر المعقلی نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کا دفاع اور فلسطینی مشن کی حمایت سعودی فرمانروا کا شیوہ ہے۔ سعودی عرب عالم اسلام کے بڑے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا اور آئندہ بھی ادا کرتا رہے گا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز انہوں نے کہا سعودی عرب مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی، مقامات مقدسہ کے تحفظ اور امت کے حالات کی اصلاح کے لئے اقدامات کی قیادت کرتا رہا ہے۔

فہد مصطفی نئی فلم “لوڈ ویڈنگ” میں کاسٹ

کراچی: (ویب ڈیسک) معروف ہدایتکار نبیل قریشی نے اداکار فہد مصطفی کو ایک اور فلم “لوڈ ویڈنگ” میں کاسٹ کر لیا ہے۔ فلم میں فہد مصطفی کے مد مقابل مہوش حیات اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جبکہ فلم میں سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ بھی منفرد کردار میں نظر آئینگی۔ فلم کا سکرپٹ بھی نبیل قریشی اور فضا علی نے تحریر کیا ہے۔ فلم اگلے سال بڑی عید پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

بے باک نہ ہونے پر بالی ووڈ میں دوست کم ہیں: ریچا چڈا

لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈا نے انکشاف کیا کہ انہیں فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں میں تجویز دی گئی کہ وہ ایک اداکار کیساتھ تعلقات بڑھائیں تاکہ انہیں انڈسٹری میں جگہ بنانے میں مدد ملے۔ ریچا چڈا کا کہنا تھا اگر بالی ووڈ میں ایسے کرتوت کرنیوالوں کے نام لینے والے افراد سامنے آجائیں تو انڈسٹری میں بھونچال آجائیگا اور ایسا کرنے پر انڈسٹری کے بہت سارے لوگ اپنے کام اور زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ اداکارہ نے کہا اگر بالی ووڈ میں بھی لوگوں کو تحفظ دیا جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تو بہت سارے غلط لوگوں کے نام سامنے آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے باک ہونے اور مشوروں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بالی ووڈ میں ان کے دوست کم ہیں۔

ریشم اور ثانیہ سعید پہلی بار ڈرامہ سیریل “چکر” میں جلوہ گرہوں گی

کراچی: (ویب ڈیسک) ٹی وی کی نامور اداکارہ ثانیہ سعید اور مقبول اداکارہ ریشم ایک ساتھ پہلی بار ڈرامہ سیریل “چکر” میں جلوہ گر ہوں گی۔ ان کو یکجا کرنے میں نامور ڈرامہ رائٹر فصیح باری خان کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے ڈرامہ رائٹر رخسانہ نگار کے تحریر کردہ سکرپٹ پر مبنی زیر تکمیل سیریل چکر میں ریشم کو کاسٹ کیا تو دوسرے اہم کردار کیلئے ثانیہ سعید کو رضا مند کیا کہ وہ یہ کردار پرفارم کریں۔ ڈرامے کی ہدایات کنول کھوسٹ دے رہی ہیں جبکہ اس سیریل میں عرفان کھوسٹ بھی کام کر رہے ہیں۔

لاہور میں رنگارنگ برائیڈل فیشن ویک جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں تین روزہ برائیڈل فیشن ویک کا رنگا رنگ ٓآغاز ہو گیا، نئے انداز اور نت نئے رنگوں کی بہار میں شان اور عمائمہ ملک شو اسٹاپر کے روپ میں جلوہ گر ہوئے۔ لاہور کے نجی ہوٹل میں سجا تین روزہ برائیڈل فیشن ویک، کل 21 ڈایزائنرز تین روز میں اپنی مہارت کو منظر عام پر لائیں گی لیکن پہلے روز 8 ڈیزائینرز کے شاندار عروسی ملبوسات کی نمائش کی گئی

اچھا سکرپٹ ملا تو ڈرامے میں کام ضرور کروں گی: حمائمہ ملک

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ فلم ارتھ ٹو میں میرا کردار متاثر کن ہے جس میں پرفارم کر کے مزا آیا ہے۔ شان باصلاحیت فنکار ہی نہیں باکمال ہدایتکار بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلم ارتھ ٹو کی تشہیری مہم کے دوران خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا بھارتی فلم میں کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا، وہاں پروفیشنل ازم ہے۔ ذاتی طور پر پاکستانی فلموں میں کام کرنے کے حق میں ہوں لیکن افسوس اچھی فلمیں بنانے والے لوگ بہت کم ہیں۔ انہوں نے کہا ہم فنکار ہیں جو کردار ملتا ہے اس میں رنگ بھرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری اب دنیا بھر میں اپنی شناخت بنا چکی ہے، جس کا رسپانس بھی اچھا آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں ایک فیلڈ میں کام کرنے کو ترجیح دیتی ہوں، فی الحال فلم میں کام کیا ہے اگر ڈراموں میں کوئی اچھا سکرپٹ ملا تو ضرور کام کروں گی۔

پلیئر کا انتخاب میرٹ پر ہوگا کیویزٹور میں ٹیم جیت کر لوٹے گی:انضمام

لودھراں(نیوزایجنسیاں)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹی ٹین لیگ میں میری کوئی ٹیم نہیں ہے،کنڈیشنزکے مطابق ٹیم منتخب کرتے ہیں اور اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی تو نیوزی لینڈ میں بھی کامیابی ملے گی۔سیریزکےلئے تمام کھلاڑیوں کاانتخاب میرٹ پرکیا جائے گا،بہترفٹنس والا کرکٹرہی ٹیم میں نظرآئے گا۔بہترسکواڈکونیوزی لینڈکیخلاف میدان میں اتاریں گے۔امید ہے ٹیم فتح سمیٹ کرہی وطن واپس آئے گی۔لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ہرعلاقے میں کرکٹ ہو، کرکٹ بہتر کرنی ہے تو گراس روٹ لیول پر کام کرنا ہوگا، کلب کرکٹ کا ہونا بہترین کام ہے، یہیں سے لڑکے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اچھے کھلاڑی کلب کرکٹ سے ہی آتے تھے، میرا اور مشتاق احمد کا بھی ان ہی علاقوں سے تعلق ہے اور ایسے چھوٹے علاقوں میں کرکٹ کا ہونا خوش آئند ہے۔انہوںنے کہا کہ کنڈیشنزکے مطابق ٹیم منتخب کرتے ہیں اور اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی تو نیوزی لینڈ میں بھی کامیابی ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق نے ٹی ٹین لیگ میں کسی بھی ٹیم کی ملکیت سے واضح انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس لیگ میں میری کوئی ٹیم نہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ہرعلاقے میں کرکٹ ہو، کرکٹ بہتر کرنی ہے تو گراس روٹ لیول پر کام کرنا ہوگا، کلب کرکٹ کا ہونا بہترین کام ہے، یہیں سے لڑکے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اچھے پلیئرز کلب کرکٹ سے ہی آتے تھے، میرا اور مشتاق احمد کا بھی ان ہی علاقوں سے تعلق ہے اور ایسے چھوٹے علاقوں میں کرکٹ کا ہونا خوش آئند ہے۔چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ کنڈیشنزکے مطابق ٹیم منتخب کرتےہیں اور اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی تو نیوزی لینڈ میں بھی کامیابی ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق نے ٹی ٹین لیگ میں کسی بھی ٹیم کی ملکیت سے انکار کردیا۔

ہملٹن ٹیسٹ پہلا روز نیوزی لینڈ286پر7وکٹوں سے محروم

ہیملٹن (اے پی پی) نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا لئے۔ جیت راول اور کولن ڈی گرینڈہوم نے نصف سنچریاں بنائیں۔ شینن گیبریئل نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں ہیملٹن میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر جیت راول اور ٹام لیتھم نے 65 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیتھم پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بناکر کمنز کی گیند پر وکٹ کیپر شین ڈورچ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ جیت راول اور کپتان کین ولیمسن نے دوسرے وکٹ میں 89 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 154 تک پہنچا دیا، ولیمسن 43 رنز بنانے کے بعد کمنز کا نشانہ بن گئے۔ جیت راول نے 84 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تاہم وہ پہلی ٹیسٹ سنچری نہ بنا سکے اور شینن گیبریئل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ روس ٹیلر چوتھے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بنا کر کیمار روچ کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ ہینری نکولس کو 13 کے انفرادی سکور ریمن ریفر نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ مچل سینٹنر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 24 بناکر گیبریئل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کولن ڈی گرینڈہوم نے اچھی بیٹنگ کی اور 58 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا لئے۔ ٹام بلنڈل 12 اور نیل ویگنر ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ شینن گیبریئل نے تین جبکہ کمنز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

عامر سہیل نے ڈومیسٹک صورتحال کو تباہ کن قرار دیدیا

لاہور/خوشاب/چیچہ وطنی(بی این پی ) سابق قومی کپتان عامر سہیل نے ڈومیسٹک کرکٹ کی صورتحال کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم کے ساتھ ہر سال چھیڑ چھاڑ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بورڈ کی کوئی سمت متعین نہیں۔غیرملکی ویب سائٹ کیلیے بلاگ میں عامر سہیل نے تحریر کیاکہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ تباہی سے دوچار نظر آتی ہے، کھیل کی یہ نرسری مسلسل پامال ہونے لگی، ہر سال سسٹم میں تبدیلی کردی جاتی اور محسوس ہوتا ہے کہ بورڈ کو اندازہ ہی نہیں کہ کس سمت میں جانا ہے،ڈومیسٹک اسٹرکچر درست نہ ہونے کی وجہ سے باصلاحیت کرکٹرز تلاش کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 4،5سال سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے تو دوسری طرف سال بھر سیزن کے شیڈول کا ہی کچھ پتہ نہیں ہوتا، کرکٹرز ملکی سطح کے مقابلوں کا کوئی حتمی پلان جاری نہ ہونے کی وجہ سے غیر ملکی لیگز کیلیے معاہدے کر لیتے ہیں، بعد میں مسائل پیدا ہوتے ہیں، کیریبیئن لیگ سے کھلاڑیوں کو واپس بلایا جانا اور اس کے باوجود قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا نہ ہونا ناقص پلاننگ کی ایک مثال ہے۔