حریم فاروق ”پرچی“ کیلئے مارے مارے پھرنے لگی

لاہور (خصوصی رپورٹ) اداکارہ حریم فاروق نے انپی فلم ”پرچی“ کی تشہیری مہم کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حریم فاروق کی فلم ”پرچی“ اگلے ماہ پانچ جنوری سے سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے حریم فاروق نے فلم کی دیگر کاسٹ کے ہمراہ تشہیری مہم کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ حریم فاروق نے ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کرنے کے ساتھ مختلف کالجز میں بھی اپنی فلم کی تشہیری مہم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اور لاہور کے بعد وہ کراچی میں بھی فلم کی تشہیری مہم کا سلسلہ شروع کریں گی۔ یاد رہے کہ فلم ”پرچی“2018 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہوگی۔

 

بھارت نہیں چاہتا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں جاری رہیں، ترجمان پاک فوج

 راولپنڈی(ویب ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں جاری رہیں تاہم فوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیاں جاری رہیں تاہم فوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے، 2017 میں بھارت کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں میں تیزی رہی جب کہ اس سال ہمارے فوجیوں کی شہادت 250سے زائد ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلےسال بھارت نے سرجیل اسٹرائیک کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا اور اس سال بھی 25 دسمبر کو جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، یہ سب پروپیگنڈا ہے جو کہ کشمیر میں آزادی کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھی پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے، بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے، امریکا کی طرف سے پاکستان کو دھمکی دی گئی، امریکا کو واضح بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم دوستوں سے لڑانہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکاکی طرف سے ہمیں جو بھی رقم ملی وہ اخراجات کی مد میں ملی، ہم اپنی ملکی خودمختاری اور عزت پرسمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک پر منڈلاتے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے 

ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر خواجہ سعد رفیق بھی خاموش نہ رہے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ذمہ دار سنجیدہ شخص ہوں اور کبھی غیر آئینی رویہ نہیں اپنایا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ ایک سنجیدہ اور ذمہ دار شخص ہیں۔وہ کبھی بھی غیر آئینی رویہ نہیں اپنائیں گے۔ افواج پاکستان کا اس کے ماتحت نظام کو نہ کبھی ٹارگٹ کیا ہے اور نہ ہی کبھی ایسا کروں گا۔ ریاستی اداروں میں غلط فہمیاں دور کرنے والے ریاست کیساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔ پاکستان دشمنوں کی زد میں ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر ایک سنجیدہ اور مثبت سوچ رکھنے والے انسان ہیں، ان کے بیان سے دکھ ہوا۔ میری 27 منٹ کی تقریر میں صرف ایک جملے کو ہی چننا کر اس پر اعتراض کرنا درست نہیں۔ ہمیں شکایات ہوتی ہیں تو اسی لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرتے ہیں۔

بھا رتی فوجیوں کا لڑنے سے انکار

نئی دہلی (نیا اخبار رپورٹ) افسروں کے رویئے سے تنگ اور بھوک و پیاس کے مارے بھارتی فوجی ترقیوں کے معاملے پر تقسیم ہو گئے ہیں۔ ترقی نہ ملنے پر سروسز کور اور انفنٹری میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔بڑی تعداد میں فوجیوں نے لڑائی سے انکارکردیا۔بھارتی فوج ڈی مورالائزڈ ترقیوں کے معاملے پر فوجیوں کا پوسٹنگ سے انکار۔ بھارتی فوج نفری کے بحران کا شکارہے۔ مقبوضہ کشمیر اور دیگراور علیحدگی پسندتحریکوں کا سامنا کرنے والے صوبوں میں چومکھی لڑائی جاری ہے۔ مخالفین کےساتھ ساتھ انفنٹری کوسروسز اور نان کمبیٹ فورسز سے بھی لڑائی کاسامناہے۔جب ترقی کا مسئلہ آتاہے تو بھارتی فوج آپریشنل اور نان آپریشنل فورس میں فرق کرتی ہے۔ زیادہ فائدہ آپریشنل فورس اور انفنٹری کو دیتی ہے۔ سروسز گروپ میں الیکٹریشن اور دیگر کام کرنے والے فوجی قیادت کی اس پالیسی پر احتجاج کرتے ہیں۔لیکن بھارتی فوج کی قیادت سنتی ہی نہیں۔ بھارتی فوج کی قیادت کے رویئے کے باعث ڈی مورالائزڈ کئی فوجی افسر چھوڑ چکے ہیں۔ فوجی افسران کام کرنے سے بھی انکار کرچکے ہیں۔ کچھ نان کمبیٹنٹ فوجیوں نے تو آرمی چیف کو خطوط لکھے کہ ان سے کام لڑائی کا لیا جارہاہے۔

 

انا ہزارے کامودی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

نئی دہلی(نیا اخبار رپورٹ) بھارت کے سماجی کارکن انا ہزارے نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے 23 مارچ سے دہلی میں بدعنوانی کیخلاف اورکسانوں کی پریشانیوں کواٹھانے کیلئے انشن کرینگے اور جیل بھرو آندولن چلائین گے۔اناہزارے نے بھارتیہ کسان یونین کی راشٹریہ کسان مہا پنچایت میں کہا کہ آج ملک بھر میں کسان بدحال ہیں، ملک میں کسانوں کی خودکشی کیلئے مرکزی حکومت ذمہ دار ہے، حکومت نے کسانوں کے فائدہ کیلئے سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات کو نافذ نہیں کیا، مرکز کی مودی حکومت کو انہوں نے کئی مرتبہ خط بھی لکھا مگر کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے مرکز کی مودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو موقع دینے کیلئے وہ ساڑھے تین سالوں تک کچھ نہیں بولے لیکن سرکار کو کسان کی نہیں صنعت کاروں کی فکر ہے، اس نے لوک پال کو کمزور کر دیا ہے، مودی جو قدم اٹھا رہے ہیں اس سے جمہوریت خطرے میں اور وہ ملک کو حکم شاہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

فنکاروں نے ایف بی آر کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے

لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی چار معروف گلوکارو اداکارہ نے ایف بی آر کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے بتایاگیا ہے کہ ایف بی آر نے اداکارہ صائمہ ،اداکارہ خوشبو اور اداکارہ نور سمیت گلوکارہ فریحہ پرویز کے گھروں کے باہر نوٹسز چسپاں کئے تھے جن میں ان قومی ستاروں کو ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ وہ ستائیس دسمبر تک مالی سال 2013-14ءکے انکم ٹیکس کے گوشواروں کی کاپیاں اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات سمیت دیگر مالی ریکارڈ ایف بی آر کے پاس جمع کروائیںلیکن ستائیس دسمبر کی حتمی تاریخ گزر جانے کے باوجود ان اداکاراﺅں و گلوکارہ نے ایف بی آر کو کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا جس کی روشنی میں ایف بی آر نے ان شخصیات کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے انہیں ایک مرتبہ پھر شوکاز نوٹسز جاری کر دئیے ہیں ایف بی آر ذرائع کا کہناہے کہ ان شخصیات نے شوکاز نوٹسز جاری کرنے کے باوجود ایف بی آر کو ریکارڈ فراہم نہیں کیا تو ایف بی آر قانون کے مطابق دوسرے مرحلے کی کارروائی شروع کر دے گی۔

 

ممبئی کے عالیشان ہوٹل میں انوشکا ‘ ویرات کی شادی کی تقریب

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی ورات کوہلی کی شادی کی بے مثال تقریب ممبئی کے عالیشان ہوٹل سینٹ ریجنز میں جاری ہے جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں اور بالی ووڈ کے چمکتے دمکتے ستاروں کی شرکت نے یاد گار بنا دیا ہے۔تقریب میں بالی ووڈ کنگ امیتابھ بچن ،شاہ رخ خان ،سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے ،ابھشیک بچن ،لارا دتہ ،مہیش بھوپتانی ،کنگنا رناوت ،کترینہ کیف،سارہ علی خان ،ابرہیم،اے آر رحمان ،بھومن ایرانی ،سچن ٹنڈولکر ،سنیل گواسکر ،مہندرا سمگھ دھونی ،ظہیر خان ،یوراج سنگھ ،ہربھجن سنگھ ،انیل کمبلے،بیڈمنٹن سٹارسائنا نہیوال سمیت سینکڑوں افراد شادی کی فائنل ریسپشن میں شامل ہیں۔

 

معین اختر کےساتھ جیسی کیمسٹری کسی دوسرے سے نہیں بنی‘ بشریٰ

لاہور (شوبز ڈیسک)سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ مجھے ظاہری خوبصورتی سے زیادہ باطنی خوبصورتی اچھی لگتی ہے ، جو انسان اندر سے خوبصورت ہو گا قدرتی طور پر بیرونی طور پر بھی اسکے اوصاف نظر آئیں گے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے کبھی خوبصورتی کو ترجیح نہیں دی بلکہ ہمیشہ اپنے اندر کو خوبصورت بنانے کی کوشش کی ہے اور میرا دوسروں کو بھی مشورہ ہے کہ خود کو اندر سے خوبصورت بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ میرا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جو اپنے جونیئر کی کامیابیوں پر خوش ہوتے ہیں ، خدا نے مجھے جو عزت اور مرتبہ عطاءکیا ہے اس پر مرتے دم تک اپنے رب کا شکر ادا کرتی رہوں گی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے کبھی کسی سے حسرت نہیں کی اور یہی میری خوبصورتی کا راز ہے ۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھے کبھی کبھار اپنے سینئر اداکار معین اختر کی کمی کا احساس ہوتا ہے ، ان کے دنیا سے جانے کے بعد نہ صرف شوبز بلکہ میری اپنی ذات کو بھی گہرہ دکھ ملا کیونکہ معین اختر کے ساتھ جس طرح کی کیمسٹری تھی وہ کسی اور کے ساتھ نہیں بن سکی۔

 

اودے چوپڑا سے علیحدگی کے بعد نرگس فخری کو نیا ساتھی مل گیا

نئی دہلی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری اور اداکار اودے چوپڑا کے درمیان تعلقات ختم ہو چکے ہیں۔علیحدگی کے بعد اودے چوپڑا سے متعلق تو کچھ نہیں کہا جا سکتا البتہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نرگس فخری نے حالات کے ساتھ سمجھوتہ کرتے ہوئے زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر لیا ہے کیونکہ بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وہ آج کل امریکی ڈائریکٹر اور ویڈیو ایڈیٹر میٹ الونزو کیساتھ گھوم پھر رہی ہیں۔نرگس فخری نے انسٹاگرام اکاونٹ پر میٹ کیساتھ لی گئی اپنی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا یہ اپنے پیاروں کیساتھ کھانا، مزہ اور تقریبات شیئر کرنے کا سیزن ہے۔ سب لوگوں کو کرسمس مبارک ہو۔اس سے قبل یہ خبریں بھی منظرعام پر آئی تھیں کہ دونوں جلد شادی کرنے والے ہیں حتی کہ نرگس فخری کے قریبی ذرائع نے بھارتی خبر رساں ادارے کو یہ بھی بتایا تھا نرگس فخری ممبئی میں ایک پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں لیکن جلد ہی وہ امریکہ روانہ ہو جائیں گی۔ قریبی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نرگس فخری جب بھی ممبئی آتی ہیں تو اودے چوپڑا سے ملاقات کرتی ہیں مگر دونوں علیحدہ ہو چکے ہیں۔ وہ چوپڑا فیملی سے ملاقات کے بعد اپنی دوستوں عالیہ الروفائی، سمیتا لسرادو اور سنجنا سپی کے ساتھ پارٹی میں گئیں۔ اگلی صبح نرگس فخری ٹیلی ویڑن شوٹ کیلئے سٹوڈیو گئیں اور ہفتے کے آخر میں وہ نیویارک روانہ ہو جائیں گی۔

 

کون بنے گا وزیر اعظم ۔۔۔؟ تازہ ترین پیش گوئی نے سب کو حیران کر دیا

لاہور (عالیہ خان) میاں محمد نواز شریف کا ستارہ اس وقت مکمل طور پر گردش میں ہے ان کے تمام برج اڑ چکے ہیں ان کا ستارہ اس وقت انتہائی بندش میں ہے جبکہ اس کے برعکس عمران خان کا ستارہ نواز شریف کے بر عکس اس وقت زیا دہ طاقتور دکھائی دیتا ہے اگر ستا روں کی چال کے مطابق دیکھا جائے تو عمران خان پر کسی سیاسی پارٹی نے انتہا کا کالا جادو کیا ہوا ہے جبکہ کچھ عرصہ پہلے جب عمران خان سٹیج سے گرے تھے وہ بھی ان پر کالے جادوکا وار تھا اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان پچھلے الیکشن میں جیت کر برسر اقتدار آ جاتے لیکن کا لے جادو کے اثرات کی وجہ سے ایسا نہیں ہو پایا عمران خان کے ستارے بتاتے ہیں ان کے اپنے ساتھی جو ان کے نعرے لگاتے ہیں وہ اندر سے ان کے ساتھ نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ اتنی محنت کے با جود انہیں کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہو پا رہا ان باتوں کا انکشاف بین الاقوامی شہرت یافتہ آسٹروپامسٹ پروفیسر فضل کریم خان نے تازہ ترین پیش گوئی کرتے ہوئے کیا انہوں نے خبریں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان اپنے خلاف کئے گئے جادو کا توڑ کر والیتے ہیں تو آئندہ الیکشن میں نہ صرف ان کو کامیابی حاصل ہو سکتی ہے بلکہ ان کے وزیراعظم منتخب ہونے سے ملکی بحران ختم ہو جائیں گے اور دنیا کے بڑے بڑے ملک پاکستان کی مدد کریں گے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ستارے بتاتے ہیں کہ اس وقت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ستارے بہت اچھے جا رہے ہیں لہٰذا ان کے برسر اقتدار میں آنے کے چانسز ہیں یعنی اگر عمران خان نے اپنے خلاف کئے گئے کا لے جادو کا توڑ نہ کیا تو ن لیگ زیادہ طا قت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی فضل کریم خان نے جہانگیر خان ترین کی نا اہلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر خان ترین کے ستارے آپس میں بہت زیا دہ ملتے ہیں جس وجہ سے ان میں کبھی اختلافات نہیں ہو سکتے بلکہ اب نااہلی کے بعد جہانگیر ترین عمران خان کے ساتھ اور زیادہ مخلص ہوںگے۔ ستاروں کے حساب سے اگر عمران خان اقتدار میں آ گئے تو جن سیاستدانوں نے لوٹ مار کی ہے وہ انہیں پھانسی پر لٹکا دیں گے عمران خان کی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کیا کہ قدرتی طور پر کوئی ایسا سلسلہ بنے گا کی عمران خان اور جمائمہ کی دوبارہ شادی ہو سکتی ہے لیکن 2018ءمیں ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ اس سال میں عمران خان مکمل طور پر اپنی سیاست پر توجہ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت حمزہ شہباز کے ستارے بہت اچھے جا رہے ہیں ہو سکتا ہے کہ آنے والے وقت میں وزیراعظم منتخب ہو جائیںکیونکہ آخر وقت میں ن لیگ کی تمام پارٹی حمزہ شہباز کو سپورٹ کر دے گی لیکن اس کے ساتھ ایک تشویش ناک با ت یہ بھی ہے کہ میاں شہباز شریف کے لئے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کا کیس پریشانی کا باعث بن سکتا ہے جبکہ مریم نواز کے حوالے سے اگر ان کے ستا رے کا جائزہ لیا جائے تو ان کا نام”م“سے شروع ہوتا ہے اس وقت ان کا ستارہ گردش میں ہے گو کہ وہ بہت کوشش کریں گی لیکن زائچے کے حساب سے آگے چل کر ان کو آرمی ایکٹ کے تحت کسی نا کسی کیس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ڈان لیکس والا معاملہ اتنی جلدی ختم ہوتا نظر نہیں آ رہا کسی بھی وقت ان کے خلاف آرمی کوئی ایکشن لے سکتی ہے جبکہ ان کے اقتدار میں آنے کے اس وقت کوئی چانسز نہیں ہیں۔ انہوں کہا کہ اگر ہم پیپلزپارٹی کا زائچے کے حساب سے جائزہ لیں تو اس بار پیپلزپارٹی پچاس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر پا ئے گی لیکن فی الحال پیپلز پارٹی کا وزارت کےلئے اکثریت حاصل کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے بلاول بھٹو سات سال سے پہلے کسی صورت بھی وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ اگر عمران خان اور مذہبی جماعتیں آپس میں اتحاد کرلیں تو یہ لوگ طالبان کو ختم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں مگر اس کے لئے ان کو پوری دنیا میں اسلامی قانون نافذ کرنے کےلئے کوششیں کرنی ہوں گی۔ عالمی معاملات کے حوالے سے پیشین گوئی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آ نیوالے سال میں گاندھی خاندان کی حکومت آئے گی جبکہ اگر امریکہ کی بات کی جائے تو ڈونلڈ ٹرمپ کو کو ئی ہندو جنونی قتل کر دے گا۔ اس کے پیچھے بنیادی وجہ یہ ہو گی کہ عالم اسلام کو بدنام کیا جائے لہٰذا کوئی ہندو مسلمان کا بھیس بدل کر ایسا کر سکتا ہے ٹرمپ کے لئے آئندہ پانچ سال خطرناک ہیں ان کو چاہئے اپنی سکیورٹی کو بہتر بنائیں اس وقت ٹرمپ کے ساتھ ایک خو بصورت لڑکی کا تعلق ہے جو کہ ان کےلئے خطرناک ہے کیونکہ یہی لڑکی ان کو نقصان پہنچا ئے گی۔انہوں مقبو ضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ آنے والے سالوں میں کشمیر ایک خود مختار ریاست بن جائے گا اور یہ ایک سیاحتی مقام بن جائے گا اگلے چار یا پانچ سال میں انڈیا اور پاکستان کی کشمیر پر جنگ ختم ہو جا ئے گی اور اس کےلئے ایک عالمی طاقت اہم کردار ادا کر ے گی۔