پاک فوج کی کوششیں رنگ لے آئیں

نوشکی (ویب ڈیسک) پاک فوج کے جوانوں نے صحرائی دلدل میں پھنسے ایک سو آٹھ افراد پر مشتمل بارات کو ریسکیو کرلیا۔ متاثرہ افراد کو ایف سی چیک پوسٹ میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پاک فوج کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ نوشکی کے صحرائی دلدل میں پھنسے 108 باراتیوں کونئی زندگی مل گئی۔ حکام کے مطابق متاثرہ افراد کو ایف سی چیک پوسٹ پہنچا دیا گیا ہے۔ ریسکیو کئے گئے افراد میں 36 بچے اور 25 خواتین شامل ہیں جبکہ سردی سے جاں بحق10 سالہ رحیمہ کی لاش بھی زوا پہنچا دی گئی ہے۔ایف سی حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اب بھی ڈھاک کے علاقے میں موجود ہیں۔ متاثرہ افراد کو کھانا اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے تین باراتیوں اور دو ایف سی اہلکاروں کی حالت خراب ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نوشکی سے چھ گاڑیوں پر چاغی جانیوالا خاندان راستہ بھٹک کر ڈھاک کے مقام جا پہنچا تھا۔چھ گاڑیوں پر سوار باراتیوں کو لینے کے دینے پڑگئے کیونکہ بارش کی وجہ سے علاقہ دلدل بن چکا تھا۔

قطری شہزادوں کا قافلہ تھر پہنچ گیا

تھر پارکر(ویب ڈیسک) تلور اور ہرن کے شکار کیلئے قطری شہزادے کا بیس گاڑیوں پر مشتمل قافلہ تھر پہنچ گیا۔نایاب نسل کے تلور اور ہرن کے شکار کیلئے قطر کے شہزادے شیخ فہد عبدالرحمان شکار کے لئے تھر پہنچے ہیں، جہاں وہ ڈیپلو میں آج سے اٹھائیس فروری تک تلور اور ہرن کا شکار کریں گے۔وزارت خارجہ کی جانب سے سندھ حکومت اور رینجرز کو خط لکھا گیا ہے جس میں مہمانوں کو ہر ممکن حفاظتی انتظامات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ایم کیوایم لندن اور پاکستان بارے اہم رہنما کا انکشاف

کراچی(ویب ڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے چئیرمین مصطفی کمال نے کہاہے کہ کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے،ایم کیوایم لندن اور پاکستان ایک ہی ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے پچھلے اتوار کو ایم اے جناح روڈ پر پی ایس پی کے کامیاب جلسے پرکراچی کے عوام کاشکریہ اداکیا۔مصطفیٰ کمال کاکہناتھاکہ ہمارے قول اورفعل میں تضادنہیں۔مصطفیٰ کمال نے دعوی کیاکہ لاکھوں کی تعدادمیں لوگ ہمارے جلسے میں شریک ہوئے۔ انھوں نے ایم کیوایم پر بھی تنقید کی اور کہاکہ ایم کیوایم لندن اورپاکستان ایک ہی ہیں۔مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیاکہ ایم کیوایم کے14سیکٹرممبران پی ایس پی میں شامل ہوگئے ہیں۔مصطفیٰ کمال کاکہناتھاکہ مختلف پارٹیوں کے ذمہ داران پی ایس پی آرہے ہیں۔انھوں نے مزیدبتایاکہ پی پی،پی ٹی آئی،سنی تحریک سے بھی لوگ شامل ہوئے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے دعوی کیاکہ فورمنصوبہ بھی کراچی کی ضروریات پوری نہیں کرسکتا۔شہرکولاوارث نہیں چھوڑیں گے۔مئیر کراچی وسیم اختر سے متعلق انھوں نے کہاکہ میئرکو آرٹیکل 140 اے کے تحت اختیارات دیے جائیں۔انھوں نے مزید کہاکہ کسی کے خلاف سازش نہیں کررہے،جس نے اچھا کام کیا، اس کی تعریف بھی کریں گے۔ انھوں نے صوبائی حکومت سے سوال کیاکہ اگروزیراعلیٰ سے اختیارات لے لیے جائیں توآپ خاموش رہیں گے؟۔آپ نے میئرکے نہیں ڈھائی کروڑلوگوں کےاختیارات لیے۔

جامعہ کراچی میں فائرنگ کا واقعہ کیسے ہوا ؟…. اہم خبر سامنے آگئی

کراچی (ویب ڈیسک)جامعہ کراچی میں فائرنگ کے معاملے پرانتظامیہ حرکت میں آگئی۔اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیاہے۔وائس چانسلر کمیٹی کی سربراہی کررہے ہیں۔ڈیوٹی پرمامور گارڈز کو شامل تفتیش کیا جائیگا۔کون آیا،کیسے آیا اور کہاں فرار ہوگیا،سب پتہ لگائیں گے۔اس واقعے کے بعدسی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گےاورمانیٹرنگ روم قائم کیاجائےگا۔واقعہ کا آئی جی سندھ نے نوٹس لے لیاہے اورٹیم تشکیل دے کر تحقیقات شروع کردی گئیں۔جامعہ کراچی میں داخلی اور خارجی راستوں پرسیکورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ مزید گارڈز بھی بھرتی کیے جائیں گے۔

ووٹ نہ دینے والوں کو حکومت پر الزام اور سوال کرنےکا کوئی حق نہیں

نئی دہلی (ویب ڈیسک ) بھارتی سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر کوئی شہری ووٹ نہ دے تو اس کو حکومت سے سوال کرنے یا اس پر الزام لگانے کا کوئی حق نہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سرگرم کارکن نے ملک بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ اگر ملک سے تجاوزات نہ ہٹائی گئیں تو وہ اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کریگا ۔عدالت نے اس درخواست پر دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ یہ انتظامی معاملہ ہے اس پر عدالت آرڈر جاری نہیں کر سکتی ۔چیف جسٹس جے ایس کھیر کی سربراہی میں قائم بنچ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے کبھی ووٹ کاسٹ کیا ہے تو اس پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اس نے کبھی ووٹ پول نہیں کیا جس پر بنچ کے سربراہ نے کہا کہ جب آپ نے ووٹ ہی پول نہیں کیا تو آپ کو حکومت پر الزام لگانے اور اس پر سوال کرنے کا حق ہی نہیں ،عدالت ایسا کوئی فیصلہ نہیں دے سکتی جو دوسرے لوگوں کے لئے ایسے معاملات راہ ہموار کرے۔

سردی اور زکام کی دوائیں مت کھائیں ورنہ ….

تائپے( ویب ڈیسک ) تائیوان میں طبی ماہرین نے 10 ہزار افراد کا مطالعہ کرنے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ سردی اورزکام کی دواؤں کے استعمال سے دل کے دورے کا خطرہ 3 گنا بڑھ جاتا ہے۔’’جرنل آف انفیکشس ڈزیزز‘‘ میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سردی اور زکام کی دواؤں میں عام طور پر ’’اینسیڈ‘‘ (NSAID) قسم کے مرکبات سے تعلق رکھنے والی ایک دوا ’’آئبوپروفن‘‘ بھی لازماً شامل ہوتی ہے جو اعصاب اور پٹھوں کی تکلیف میں وقتی افاقہ ضرور کرتی ہے لیکن زیادہ دنوں تک استعمال کی صورت میں اس سے دل کے دورے کا خطرہ بھی 3.4 گنا تک بڑھ جاتا ہے۔ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ یہ خطرہ اس صورت میں دیکھا گیا جب سردی اور زکام کی مروجہ دوائیں گولیوں کی شکل میں لی گئیں جب کہ ان پر مشتمل محلول کو ڈرپ کے ذریعے براہِ راست خون میں داخل کرنے پر یہ خطرہ اور بھی بڑھ کر 7.2 گنا زیادہ ہوگیا جو بہت سنگین بات ہے۔ ان کے مقابلے میں وہ لوگ جنہوں نے ان بیماریوں کے علاج میں ایسی دوائیں لی تھیں جن میں ’’اینسیڈ‘‘ قسم کے مرکبات شامل نہیں تھے، ان میں صحت مند افراد کی نسبت دل کے دورے کا خطرہ 2.7 گنا زیادہ ہوا تھا۔اس تحقیق کے مطابق اگر جسم میں سردی، نزلے اور زکام کی وجہ بننے والے وائرس یا جراثیم سرگرم ہوں تو ’’اینسیڈ‘‘ والی دوائیں لینے سے دل کے دورے کا خطرہ بہت زیادہ ہوجاتا ہے جب کہ پٹھوں اور اعصاب میں معمول کی تکلیف میں ان دواؤں کے زیادہ استعمال سے یہ خطرہ 1.5 گنا بڑھتا ہے۔ویسے تو بیشتر طبی ماہرین نے اس مطالعے کے نتائج کو اہم اور توجہ طلب قرار دیا ہے لیکن سائنسدانوں کا ایک طبقہ اس بارے میں تشویش کا شکار بھی ہے۔ اس طبقے کا کہنا ہے کہ ابھی اس بارے میں مزید چھان بین کی ضرورت ہے کیونکہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آخر وہ نظام کون سا ہے جو سردی اور زکام کی کیفیت میں اینسیڈ کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے کے خطرے کو بڑھاتا ہے۔علاوہ ازیں جب تک کسی دوسرے مطالعے سے اس بات کی پوری طرح سے تصدیق نہیں ہوجاتی تب تک اینسیڈز سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ بھی صادر نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یوں لگتا ہے جیسے تائیوان میں کیے گئے اس مطالعے کے دوران اعداد و شمار کو کچھ زیادہ ہی بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا ہے۔

سلمان خان کیساتھ کام کرنا میراخواب ہے

ممبئی (خصوصی رپورٹ) بالی ووڈ اداکارہ ایمی جیکسن کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنا ان کا خواب ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلمان خان کی ”دبنگ 3 “کے لئے ایمی جیکسن کے بارے میں اطلاعات سرگرم ہیں۔ اپنے ایک بیان میںایمی جیکسن نے کہا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنا کسی کا بھی خواب ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ اپنی پہلی فلم کرنے کا موقع مصروف شیڈول کی وجہ سے گنوا دیا۔اس سے پہلے سلمان خان پروڈکشنز کی فلم ”فریکی علی“ کی ہیروئن بھی ایمی جیکسن ہی تھیں، اور اس فلم کے پروموشن کے دوران دونوں میں کافی دوستی ہوئی۔ایمی جیکسن اکشے کمار اور رجنی کانت کی فلم میں بھی نظر آئیں گی۔اس فلم کے ٹریلر لانچ میں سلمان خان نے آکر سب کو حیران کردیاتھا۔

گھریلو جھگڑا …. دیور کی بھابھی سے شرمناک حرکت

لاہور (کرائم رپورٹر) فیکٹری ایریا کے علاقہ میں گھریلو جھگڑے پر ظالم دیور نے تیز دھار آلہ سے بھابی کو ذبح کر دیا، ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار۔ مقتولہ ایک بیٹی کی ماں تھی۔ بتایا گیا ہے کہ فیروزوالہ گلف کالونی کی رہائشی رضیہ بی بی کا اپنے دیور بلال کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر طیش میں آ کر ملزم نے رضیہ بی بی کی شہ رگ تیز دھار آلہ سے کاٹ دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعش کو قبضہ میں لیکر ملزم بلال کو آلہ قتل سمیت حراست میں لے لیا۔

مسلم لڑکی کا ایسا کارنامہ ہندو بھی داد دینے پر مجبور

نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) مودی حکومت ہندوستان میں مسلم دشمنی کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ،اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کی خبریں آئے روز میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن بھارتی ریاست مہاراشٹر کی ایک نوجوان مسلمان لڑکی نے ایسا کارنامہ سرانجام دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا ہے جس سے پورے انڈیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے،مہارا شٹر کی نیلو فر شیخ نے 6مختلف زبانوں میں ایسا موبائل ایپ تیار کیا ہے جس سے دنیا بھر کے لوگ کہیں بھی بیٹھ کر مشہور اور بین الاقومی شہرت یافتہ مستند ترین ڈاکٹرز سے اپنی بیماری کا مفت علاج اور مشورہ لے سکتے ہیں۔بھارتی نجی ٹی وی چینل انڈیا ٹی وی کے مطابق کسی بھی شعبے میں مسلمان لڑکیوں کی ترقی کو ایک مشکل کام مانا جاتا ہے کیوں کہ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کے مقابلے لڑکوں کو ترجیح دی جاتی ہے لیکن مہاراشٹر کے علاقے امراوتی کی نیلوفر نے لڑکے اور لڑکی کے امتیاز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایسا کارہائے نمایاں انجام دیا ہے جس نے نہ صرف اس مسلمان بچی کو عالمی اعزاز کا حقدار بنایا ہے بلکہ اس کے کارنامے نے بھارت میں بسنے والے مسلمانوں اور عام ہندوستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا ہے۔ بی ڈی ایس کی تعلیم حاصل کرکے نیلوفر شیخ نے کچھ خاص کر گزرنے کے جذبے کے ساتھ 6 زبانوں میں ایک ایسی موبائل ایپ تیار کی ہے جس کی وجہ سے اسے پونا میں بین الاقوامی اینویشن آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔نیلوفر شیخ کا کہنا ہے کہ معاشرے میں تعلیم نسواں وقت کی ضرورت ہے، کسی بھی قوم کی ترقی کا دارو مدار اس قوم کی تعلیمی ترقی پر ہوتا ہے، اگر قوم کی لڑکیاں تعلیمی میدان میں ترقی کرتی ہیں تو قوم بھی ترقی کرے گی۔عالمی سطح کا اعزاز حاصل کرنے والی نیلو فرشیخ کا کہنا تھا کہ اس کے والدین کی بہترین رہنمائی اور حوصلہ افزائی ہی اِس کی کامیابی کا ضامن ہے، میرے والد سلطان شیخ جو ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم اور والد گریلو خاتون ہیں نے اپنے بچوں کی پڑھائی کے لئے ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں اور میرا اعزاز حاصل کرنا بھی والدین کے مرہون منت ہے۔