،،پاکستان،، کے خالق کا مزار بنانے کی تیاریاں مکمل

لندن (خصوصی رپورٹ) لفظ پاکستان کے خالق او برطانیہ میں مدفون چودھری رحمت علی کا مزار پاکستان میں بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ آزاد ملک کو لفظ پاکستان
کی شناخت دینے والے چودھری رحمت علی جیسی عظیم ہستی کی میت برطانیہ سے کمالیہ لانے کی جدوجہد کی جارہی ہے اور اب امید روشنی ہوگئی ہے کہ جلد میت پاکستان منتقل کردی جائے گی۔

سانحہ تربت میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ، میتیں آبائی علاقوں میں پہنچنے پر کہرام

لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاﺅالدین، پھالیہ، ملکوال، گوجرانوالہ، کوئٹہ، علی پور چٹھہ (نمائندگان خبریں) سانحہ تربت میں جاں بحق تین نوجوانوں کی میتیں منڈی بہاﺅالدین کے علاقوں ملک وال اور پھالیہ میں پہنچ گئیں متاثرہ خاندانوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشکبار۔ تفصیلات کے مطابق منڈیبہاﺅالدین کی تحصیل ملک وال کے رہائشی نوجوان ذوالفقار علی کے ساتھ پڑھانہ لوک کا اظہروقاص اور چاڑانوالہ تحصیل پھالیہ کا خرم شہزاد روشن مستقبل کے لالچ میں پھالیہ کے انسانی سمگلر کی باتوں میں آ کر غیر قانونی طریقہ سے یوورپ جانے کے لئے چھ دن قبل یہاں سے روانہ ہوئے لیکن بلوچستان کے علاقہ تربیت میں دہشت گردوںکی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ ذوالفقار علیکا تعلق محلہفضل آباد ملک وال جبکہاظہر کا تعلق منڈی بہاﺅالدین کی تحصیل پھالیہ کے گاﺅں پڑھانہ لوک سے تھا ذوالفقار علی کے تین بھائی اور تین بہنیںہیں جن میںایک بہن چھوٹی ہے جس کی شادی کرنا باقی ہے ذوالفقار علی کی پانچ سال قبل شادی ہوئیجس میں سے اس کی ڈیڑھ سالہ بیٹی بھی ہے۔ بدقسمت نوجوان اپنی چھوٹی بہن اور بیٹی کے مستقبل کو سنہرابنانے کے لئے یورپ جانا چاہتا تھا جس کے لئے اس نے پھالیہ کے ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا جس نے اسے یقین دلایا کہ وہ اسے تین لاکھ روپے میں غیر قانونی طریقہ سے یورپ پہنچا دے گا ذوالفقار علی چھ روز قبل اپنی ماں، بہن بھائیوں، بیوی اور بیٹی کو خدا حافظ کہہ کر یورپ کی حسین وادیوں کے خواب آنکھوں میں سجا کر دیگر ساتھیوں اظہر اور خرم کے ساتھ روانہ ہو گیا لیکن بدقسمتی سے جب وہ تربت کے علاقہمیں پہنچے تومسلح دہشت گردوںکی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ ذوالفقار علی اور اظہر کیلاشیں جب گھر پہنچیں تو والدین، بہن بھائیوں پر غشی کے دورے پڑ گئے وہاںموجود ہر آنکھ اشکبار تھی۔ مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسانی سمگلر کو فوری طور پر گرفتار کر کے سزا دی جائےاور متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کی جائے۔ بلوچستان کے علاقے تربت میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونیوالے15افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی وزےر اعلی بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری ،کمانڈر سدرن کمانڈر لےفٹےننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،صوبائی وزراءاراکین اسمبلی و دےگر کی شرکت ،تفصےلا ت کے مطابق گزشتہ روز تربت کے علاقے گر وک میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پنجاب سے اےران جانے والے 15افراد کو قتل کردیا تھا جن کی نماز جنازہ جمعرات کو تربت میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں سوزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری،کمانڈر سدرن کمانڈ لےفٹےننٹ جنر ل عامر ریاض ،صوبائی وزراءمیر سرفراز بگٹی ،عبدالرحیم زےارتوال ،سابق وزےر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،سےنےٹر آغا شاہزےب درانی ،آئی جی ایف سی ساﺅتھ مےجر جنر ل سردار طارق امان ،آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری ،فیصل ایدھی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،نماز جنازہ کے بعد مےتوں کو قومی پرچم میں لپےٹ پر خصوصی سی و ن تھرٹی طیارے کے ذرےعے لا ہور روانہ کردیا گیا ،جہاں سے لاشوں کو اےمبولینسوں کے ذرےعے آبائی علاقوں میں منتقل کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے ایفآئی اے کو بلوچستان میں جاں بحق ہونے والے 15 نوجوانوں کی ہلاکت کی انکوائری کا حکم دے دیا جمعرات کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے ہدایت کیکہ جن ایجنٹوں کااس گھناﺅنے کھیل میں کردار ہے ان کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کی جائے۔ بلوچستان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے 2نوجوانوں کی لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔نماز جنازہ سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میںسپرد خاک کردیا گیا۔عوامی سماجی حلقوں کا گہرے رنج و غم کا اظہار۔تفصیلات کے مطابق علی پور چٹھہ کے نواحی رسولنگر کا رہائشی 29سالہ نوجوان احسن رضا منہاس جوکہ ایک نجی ہسپتال میں جاب کرتا تھا ۔بے روزگاری سے تنگ آکر انسانی سمگل کے باتوں اور یورپ جانے کے خواب میں پھنس گیا۔ایجنٹ نے ایک سال پہلے اس کو تنذانیہ میں بھیجا جہاں پر مناسب کام نہ ملنے پر مذکورہ نوجوان واپس آکر دوبارہ ہسپتال میں کام کرنے لگا۔5دن پہلے ترکی باڈر کے رستے یورپ جانے کیلئے گھر سے روانہ ہو گیا۔یہ بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ اور اس کا والد سرکاری محکمہ سے ریٹائرڈ ہے ۔جبکہ دوسرا نوجوان 25سالہ غلام ربانی نواحی گاﺅں جامکے چٹھہ کا رہائشی تھابتایا گیا ہے کہ اس کا والد کافی عرصہ سےروزگار کے سلسلہ میںسپین میں مقیم ہے۔ غلام ربانی بھی اسی طرح یورپ باپ کے پاس جانے کیلئے انسانی سمگل کے جال میں پھنس گیا ۔ جوکہ تربت میں باڈر کراس کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم لیبریشن کے ہاتھوں شہید ہو گئے۔ حکومت پنجاب نے اس واقعہ پر ایکشن لیتے ہوئے انسانی سمگل ایجنٹ ظفر اقبال اور تنویر چیمہ کو گرفتار کر لیا ہے، عابد حسین، صابر گجر ،ظفر حسین،ارشد چیمہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیض آباد پر 10 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا حکم

اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیض آباد انٹرچینج پر جاری مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ کا دھرنا ختم کرنے کا حکم د یتے ہوئے کہا ہے کہ نیکی کا کام غلط طریقے سے کیا جائے تو وہ غلط ہوتا ہے، معاملہ جب عدالت میں آگیا تو خدا کا خوف کریں، چیف جسٹس بارے جو الفاظ استعمال کیے ان پر معافی مانگیں، دھرنا ختم کریں تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہوں،سماعت 29 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سیاسی و مذہبی جماعت کے مولانا اللہ وسایا کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت صدیقی نے مظاہرین کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ لوگ قانون کی پابندی کریں، آپ کی پٹیشن دھرنا ختم کرنے سے مشروط ہوگی۔معزز جج نے ریمارکس دیے کہ ‘نیکی کا کام غلط طریقے سے کیا جائے تو وہ غلط ہوتا ہے، معاملہ جب عدالت میں آگیا تو خدا کا خوف کریں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا چیف جسٹس کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے ان پر معافی مانگیں۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے حکم دیا کہ بچے، بوڑھے، ملازمین اور طالبعلم دھرنے سے متاثر ہو رہے ہیں، دھرنا ختم کریں تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہوں۔بعدازاں کیس کی مزید سماعت 29 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ ایک مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک نے فیض آباد انٹرچینج پر گذشتہ 10 روز سے دھرنا دے رکھا ہے، جس میں وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ مذہبی و سیاسی جماعت نے یہ دھرنا ایک ایسے وقت میں دیا جب رواں برس اکتوبر میں حکمران جماعت مسلم لیگ(ن)نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم منظور کی تھیں، جس میں ‘ختم نبوت’ سے متعلق شق بھی شامل تھی لیکن بعد میں حکومت نے فوری طور پر اسے ‘کلیریکل غلطی’ قرار دے کر دوسری ترمیم منظور کرلی تھی۔ تاہم الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے خلاف مذکورہ سیاسی و مذہبی جماعت کے مولانا اللہ وسایا نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جس میں مذکورہ ترامیم سے متعلق سینیٹر راجا ظفر الحق کی سربراہی میں کمیٹی کی پیش ردہ رپورٹ کو پبلک کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔

 

مہران میری فیملی ہمراہ زیورخ ایئرپورٹ سے گرفتار

لندن (وجاہت علی خان سے) بلوچ آزادی پسند رہنما نواب مہران مری کو زیورخ ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بلوچ آزادی پسند رہنما نواب مہران مری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے چند ٹویٹ میں کہا ہے کہ سوئس حکام نے انہیں ان کی فیملی کے ہمراہ گرفتار کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گرفتاری اسلام آباد کے کہنے پر عمل میں لائی گئی ہے اور انہیں اطلاع دی گئی ہے کہ اب وہ زندگی بھر سوئٹزر لینڈ کی سرزمین میں داخل نہیں ہو سکتے۔

 

آخر کا وہی ہو گیا جس کا ڈر تھا، اجتماعی استعفے کب آئیں گے، بڑی خبر آ گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت نے نااہل شخص کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا بل قومی اسمبلی میں نہ پیش کرنے دیا تو پیپلزپارٹی کے تمام ارکان مستعفی ہوجائیں گے ابھی استعفوں کا ارادہ ظاہر کیا ہے حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیلئے بھی تیار ہیں۔

 

احتساب اور سزائیں نہ ہوئیں تو پاکستان نہیں رہیگا، ظفراللہ جمالی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے کہا ہے کہ شریف خاندان مکافات عمل کا شکار ہے ، جمہوریت کا نام لیکر جمہوریت کو بدنام کیاگیا، جمہوریت کیلئے قربانیاں دینا پڑتی ہیں، کئی وزیراعظم استعفیٰ دے گئے ان کی جرا¾ت کیوں نہیں ہوئی، فوج ، عدلیہ اور مشرف کیخلاف دھڑے بندی ہورہی ہے، پیپلزپارٹی کا وزیراعظم نکالاجاتا ہے تو خوش ہوتے ہیں ، اپنی باری آتی ہے تو شور مچاتے ہیں، اپنی ذات کیلئے سارا نظام برباد نہیں کرنا چاہئے، ن لیگ نے ذاتی مفادات کیلئے آئینی ترامیم کرنا چاہیں تو اسمبلی میں لوگ ان کیخلاف کھڑے ہو جائینگے، نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، آخری سال میں ترقیاتی فنڈز دینے کا مطلب ارکان اسمبلی کو خریدنا ہے ، احتساب نہ ہوا اور سزائیں نہ دی گئیں تو ملک نہیں رہے گا، پہلے صرف مشرقی سرحد پر مسائل تھے اب مغربی سرحدیں بھی محفوظ نہیں ہیں، بیرونی طاقتیں کچھ نہیں کرسکتیں اگر اندر کے لوگ ساتھ نہ دیں ، یہ لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت میں فرق نہیں ، ہم ایک ہیں، اگر ایسا ہی ہے تو پاکستان بنانے کیا ضرورت تھی، سابق وزیراعظم نے کہا کہ احتساب ہرصورت کرنا ہوگا ورنہ ملک آگے نہ بڑھے گا، 1991میں بھی شریف خاندان امیر ترین تھا، اگر پیسہ باہر پہنچانے میں ان کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی تو پاکستان واپس لانے میں کیوں تکلیف ہے ، یہ لوگوں کو خریدنے کی طاقت ضرور رکھتے ہیں لیکن سارے بکنے والے نہیں ہوتے، نوازشریف این آر او نہیں کرسکیں گے نہ ہی کوئی کرنے دیگا، نوازشریف کے چیلوں کو صرف اپنی فکر ہے ، شریف خاندان کواپنا ماضی نہیں بھولنا چاہئے ، جو لاتے ہیں وہ واپس گھر بھی بھیج سکتے ہیں، عدلیہ کو 190کے تحت اختیارات ملک کو بچانے کیلئے ہی دیئے گئے تھے ، پاکستان کی حفاظت اور سلامتی کا جن لوگوں نے حلف اٹھارکھا ہے وہ اپنے حلف کی پاسداری کریں ، وقت آیاتو سپریم کورٹ جاکر درخواست کرونگا کہ پاکستان کو بچائیں ، پاکستان کیلئے جان بھی قربان کردونگا، ظفر اللہ جمالی نے کہا کہ ختم نبوت قانون میں تبدیلی کے ذمہ دار سامنے لائے گئے نہ ہی سزا دی گئی ، سپیکر نے کسی سے پوچھا تک نہیں کہ یہ کیا ہورہاہے، کبھی ترمیم کی جاتی ہے کبھی واپس لی جاتی ہے، پاکستان کے عوام کیلئے اچھا وقت آئیگا، عمران خان میں سیاسی تجربے کی تھوڑی سی کمی ہے ، شریف خاندان آپس کے اختلافات برداشت نہیں کرتے عوام کو کیسے برداشت کرینگے۔

 

افغانستان سے دہشتگردی ناقابل برداشت، امن کی کوششیں جاری رکھیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں امن و امان کے قیام کے لئے ہمیشہ کوششیں کی لیکن ہمارے مثبت رویئے کے باوجود افغانستان سے سرحد پار دہشت گردی جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف نے ملاقات کی۔ جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور بالخصوص افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات چیت اور خطے میں امن کے لئے پاکستان کی مثبت کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لئے بھی ضروری ہے اسی لئے پاکستان نے افغانستان میں امن و امان کے قیام کے لئے ہمیشہ کوشش کی جو آئندہ بھی جاری رکھیں گے لیکن پاکستان کے مثبت روئیے کے باوجود افغانستان سے سرحد پار دہشت گردی جاری ہے۔

 

ختم نبوت حلف نامہ اصل حالت میں بحال، نئی حلقہ بندیوں کا بل منظور

اسلام آباد (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی نے ختم نبوت کی قانونی شقوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کےلئے انتخابات ترمیمی بل 2017 کثرت رائے سے منظور کرلیا ¾ ختم نبوت کے ترمیمی بل میں قادیانی غیر مسلم برقرار رہیں گے، قادیانیوں کی علیحدہ ووٹر لسٹ ہوگی جبکہ 7 سی کے مطابق قادیانی مسلمانوں کے ساتھ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہوں گی۔ جمعرات کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون زاہد حامد نے الیکشن ترمیمی بل 2017 پیش کیا۔ زاہد حامد نے کہا کہ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد انتخابات ایکٹ 2017ءمیں ترمیم کرنے کا بل انتخابات (ترمیمی) بل 2017ءقومی اسمبلی میں پیش کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لایا جائے۔ ایوان سے منظوری کے بعد وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے بتایا کہ 2002ءکے عام انتخابات سے قبل حکومت نے انتخابی آرڈر 2002ءنافذ کیا جس میں اسمبلیوں میں نشستوں کا اضافہ کیا گیا۔ جوائنٹ الیکٹورل کا بھی فیصلہ ہوا ¾اس میں سیون بی اور سیون سی کی شق شامل کی گئی جس کے تحت احمدی‘ مرزئی‘ لاہوری گروپ‘ قادیانی غیر مسلم ہیں ¾سیون سی 10 دن کے لئے بھی بحال کرنے کی میں نے تجویز دی تھی کہ 10 دن کی شق ختم کرکے اس کو آپریشنلائز کیا جائے تاہم اس پر اتفاق نہ ہوسکا۔ آئینی (ترمیمی) بل میں اس کو بحال کیا جاچکا ہے۔ جماعت اسلامی نے اسی وقت یہ ترمیم لانے کا کہا تھا ¾سینیٹ میں پی ٹی آئی کے سینیٹر کی طرف سے الگ بل بھی لایا گیا ہے۔ اس کو کابینہ سے منظور کرایا گیا اب اس کی پارلیمانی رہنماﺅں کے اجلاس میں بھی منظوری ہوگئی ہے۔ اس کو اب مین بل میں لا رہے ہیں۔ انگریزی اور اردو کے دونوں حلف نامے بھی اس میں آگئے ہیں۔ انہوں نے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے سپیکر کے کردار کو سراہا اور تمام پارلیمانی لیڈروں کا شکریہ ادا کیا۔ زاہد حامد نے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات اور غلط نام استعمال کیا گیا۔ اس میں کوئی سازش یا بد نیتی نہیں۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ مجھ سے کوئی ایسی بات منسوب ہو جس سے نبیﷺ کی شان میں نعوذ باللہ کوئی حرف آئے۔ میں نے دو حج کئے ہیں میں سچا عاشق رسولﷺ ہوں۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے کسی سے اپنے ایمان کا سرٹیفکیٹ نہیں لینا ¾ہم سب مسلمان ہیں، ہمارا اتنا ہی ختم نبوت پر ایمان ہے جتنا کسی اور کا ہے۔ زاہد حامد کو یہ وضاحتیں پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے ¾ہم ہر کسی کو صفائی دینے کے پابند نہیں ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ زاہد حامد نے ذاتی وضاحت کی ہے ہم نے یہ مطالبہ نہیں کیا۔ سپیکر نے ایوان سے بل کی شق وار منظوری لی جس کے بعد بل ایوان میں منظوری کے لئے پیش کیا گیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔وزیر زاہد حامد نے کہا کہ ختم نبوت کے ترمیمی بل میں قادیانی غیر مسلم برقرار رہیں گے، قادیانیوں کی علیحدہ ووٹر لسٹ ہوگی، جبکہ 7 سی کے مطابق قادیانی مسلمانوں کے ساتھ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہوں گی۔بعد ازاں نکتہ اعتراض پر تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایوان سے ختم نبوت کے بل کی متفقہ منظوری پر پورا ایوان مبارکباد کا مستحق ہے۔ ایجنڈے پر نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ترمیمی بل بھی ہے۔ پارلیمانی جماعتوں میں اس بات پر اتفاق تھا کہ انتخابات وقت پر ہوں اور حلقہ بندیوں کا کام بھی ہو۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان نے اسے مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کا کہا۔ ہم نے اس بل پر مکمل تعاون کیا ہے اس بل کو متعارف کرایا جائے۔ ہم وقت پر انتخابات‘ جمہوریت کے تسلسل کے خواہاں ہیں‘ حکومت یہ بل منظور کرائے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ سی سی آئی میں ایک فیصد بلاکس کی دوبارہ تصدیق کا فیصلہ ہوا ہے۔ ہم نے اپنے تحفظات کو ایک طرف رکھ کر اس بل کی منظوری پر حمایت کا فیصلہ کیا۔ بغیر تاخیر کے اس عمل کو مکمل کیا جائے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہوگی کہ کراچی اور اندرون سندھ کا بڑا مسئلہ مردم شماری کے نتائج بن گیا ہے۔ ہمارا آج بھی مطالبہ دوبارہ مردم شماری کا ہے تاہم خوشی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ہمارے تحفظات دور کرنے کی بات کی۔ مولانا امیر زمان نے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامہ کی بحالی پر تمام ایوان کو مبارکباد دیتے ہیں۔ ہم انتخابات بروقت چاہتے ہیں۔ ہماری تجویز ہے کہ بلوچستان کے ہر ضلع کے لئے ایک قومی اسمبلی میں نشست مختص کی جائے۔ انتخابات میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ صرف پیپلز پارٹی‘ ایم کیو ایم یا پی ٹی آئی کا نہیں تھا تمام سیاسی جماعتوں کا تھا‘ سپیکر چیمبر میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کو اعتماد میں لیا جاتا تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامے کے قانون میں نئی ترمیم خوش آئند بات ہے۔ اسلام آباد اس وجہ سے آج بند ہے۔ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کچھ لوگوں نے وفاقی دارالحکومت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ان سے مذاکرات کرکے مسئلہ حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر ہمارے بھی تحفظات ہیں۔ قبائلی علاقوں کی آبادی کم ظاہر کی گئی ہے۔ قبائلی علاقوں میں پانچ فیصد کی مردم شماری کی جانی چاہیے۔ نئی حلقہ بندیوں کے تحت پنجاب کی پانچ سیٹیں کم ہوگئی ہیں۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سیٹوں پر اضافہ ہوا ہے۔ ہم آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں۔ ہم اداروں کا استحکام چاہتے ہیں۔ ریٹائرڈ افسران کنٹریکٹ پر دوبارہ بھرتی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ آفتاب شیرپاﺅ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ بہت پہلے حل ہو جانا چاہیے تھا۔ ہم نہیں چاہتے کہ الیکشن میں تاخیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی بنیاد پر اگر قومی اسمبلی کی نشستیں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑھ رہی ہیں تو صوبائی اسمبلی کی نشستیںبھی اسی تناسب سے بڑھائی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بیورو برائے شماریات میں ہر صوبے کا ایک ایک نمائندہ ہونا چاہیے۔ حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ فاٹا کے مکینوں کے ساتھ 2017ءکی مردم شماری میں بہت زیادتی ہوئی ہے۔ امید ہے کہ پانچ فیصد کے آڈٹ کا ہمیں بھی فائدہ ہوگا۔صاحبزادہ طارق اللہ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے دینے والوں کے ساتھ پانچ چھ روز سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے ¾ان کے مطالبات ایسے ہیں جو پورے نہیں کئے جاسکتے۔ وزیر قانون کے استعفے کا مطالبہ قبول نہیں۔ ایسا ہوگیا تو پھر کوئی بھی دو تین ہزار افراد آکر دھرنا دے کر کسی کے بھی استعفے کا مطالبہ شروع کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حب رسول اور ختم نبوت کا دعویٰ کرنے والے شہریوں کے حقوق کا خیال کریں ¾حضور اکرمﷺ نے تو لوگوں کےلئے آسانیاں پیدا کیں۔ ان لوگوں نے لوگوں کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے۔ ایک بچہ جاں بحق ہوچکا ہے‘ حکومت کے پاس دو راستے ہیں کہ ایک تو مذاکرات کریں اور دوسرا کوئی کارروائی کرے۔ ان میں ایسے سازشی لوگ ہیں جو چاہتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن جیسا واقعہ ہو اور یہاں تشدد ہو اور ملک میں افراتفری پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے اسلام آباد میں خلل نہ ڈالیں جس سے ملک کے مفاد کو نقصان پہنچے۔ اگر دھرنا دینا ہے تو اس کے لئے اسلام آباد کا پریڈ گراﺅنڈ حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا۔ انسان کسی کے جتنی اور جہنمی ہونے کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔ کلمہ پڑھنے والا ہر شخص ختم نبوت کا داعی ہے۔ حکومت ختم نبوت کی داعی ہے‘ اگر ختم نبوت پر حرف آیا تو حکومت اور پوری پارلیمنٹ مل کر اس کا دفاع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مذہبی جماعتیں جرگہ لے کر دھرنا دینے والوں کے پاس جائیں اور انہیں کہیں کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ان کے وہاں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں۔اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی میں کمیشن آرڈیننس 1979ءمیں مزید ترمیم کرنے کے بل 2017ءپر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کردی گئی۔ چیئرمین چوہدری محمود بشیر ورک نے کمیشن آرڈیننس 1979ءمیں مزید ترمیم کے بل 2017ءپر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی میں سٹیٹ بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پاکستان کی معیشت بارے سالانہ رپورٹ 2016-17ءپیش کردی گئی۔ ارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل نے سٹیٹ بنک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پاکستان کی معیشت کے بارے میں سالانہ رپورٹ برائے سال 2016-17ءقومی اسمبلی میں پیش کی۔ زاہد حامد کے بیان پر احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی شخص کا ایمان اللہ اوراس کے بندے کا معاملہ ہوتا ہے، کیا ہم گلی گلی جاکر بتائیں کہ ہم مسلمان ہیں۔

 

نواز شریف حقیقت کو ماننے کیلئے تیار نہیں کہ وزیر اعظم نہیں رہے، معروف تجزیے کار کے انکشافات

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) نوازشریف ابھی تک اس حقیقت کو ماننے کو تیار نیہں کہ وہ وزیراعظم نہیں رہے، نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ مجھے یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ حدیبیہ پیپر مل کی تحقیقات اگر شروع ہوگئی ہیں تو صرف اسحق ڈار کا نام ہی کیوں ، اس میں شہباز شریف اور باقی لوگوں کا نام بھی تو ہے ، احسن اقبال وزیرداخلہ ہیں اور وہ وزیرخزانہ بھی بننا چاہ رہے ہیں ، آج پھر مسلم لیگ ن کے ستر سے اسی اراکین غائب تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ختم نبوت پر دھرنا دینے والوں کو کہا کہ لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے آپ لوگ ہٹ جائیں اب غور کریں ہائیکورٹ نے حکومت سے نہیں کہ انکو ہٹائیں، ابھی اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ہے اگلے مرحلے میں انکا پاسپورٹ بھی منسوخ ہوسکتا ہے ، انہوں نے انکشاف کیا کہ سندھ میں زمینوں پر قبضے کیخلاف بڑا آپریشن ہونے جارہاہے، جو بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایاگیا اس کےخلاف بلا تفریق آپریشن ہوگا، فریال تالپور بھی اپنی پوزیشن کلیئر کرلیں، چیئرمین نیب سے گزارش ہے کہ وہ ذرا الطاف بھوانی جو سندھ نیب کو ہیڈکررہے ہیں کو چیک کریں کیونکہ ان کے بارے میں بہت زیادہ اچھی خبریں نہیں آرہیں کہ وہ ایکٹیو ہیں، سندھ میں اینٹی کرپشن کمیٹی میں کرپٹ ترین لوگ بیٹھے ہیں ، علامودین بلو ایک نمبر کا کرپٹ آدمی ہے ، وہ قائم علی شاہ کے پرسنل سیکرٹری تھا اور اب اینٹی کرپشن کا ہیڈ بنا بیٹھا ہے ، یہ لوگ ایماندار افسران کو پکڑ کر ادھر ادھر کردیتے ہیں ، انور مجید کو اندازہ نہیں وہ جلد گرفتار ہونےوالے ہیں، جنرل قمر جاوید نے جب کہہ دیا ہم آئین و قانون کے ساتھ کھڑے ہیں تو سمجھ لیں دریا کوزے میں بند ہوگیا۔

پاکستان میں آج کل صرف ایک ہی مسئلہ ہے مجھے کیوں نکالا گیا، عمران خان

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دبئی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں آج کل صرف ایک ہی مسئلہ ہے کہ مجھے کیوں نکالا گیا، اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہو رہی۔