شہرت کی وجہ سے نفسیاتی مسائل کا شکار ہو چکی تھی

کراچی(شوبز ڈیسک )گلوکارہ مومنہ مستحسن کا کہنا ہے کہ وہ کوک سٹوڈیو میں گانا گا کر نیشنل کرش بن چکی ہیں لیکن انہیں اس کی وجہ سے اپنی نجی زندگی میں بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، کوئی ایسی رات نہیں تھی جب وہ سونے سے پہلے روتی نہ ہوں۔اپنے ایک ویڈیو انٹرویو میں گلوکارہ مومنہ مستحسن نے کہا کہ جب انہوں نے کوک سٹوڈیو کے سیزن 9 میں راحت فتح علی خان کے ساتھ گانا گایا تو وہ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ گانے کے دوران وہ کیسے مسکرائیں، لوگوں سے کیسے بات کی، کپڑے کیسے پہنے ہیں ،چلتی کیسے ہیں؟، ہر کسی کو اس پر تبصرہ کرنے کا حق حاصل ہوگیا۔مومنہ مستحسن نے کہا کہ جب ان کا گانا وائرل ہوا تو انہیں اس کی بالکل بھی امید نہیں تھی جس کی وجہ سے وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہوگئیں۔ لوگ سوچ رہے تھے کہ میں نیشنل کرش آف پاکستان بننے پر بہت خوش ہوں لیکن مجھے یہ مرنے کی طرح لگتا تھا، مجھے خوف اور دہشت کے دورے پڑنے لگے، میں سونے سے پہلے ہر رات روتی تھی ، میں خواہش کرتی تھی کہ کسی طرح مجھے اپنی زندگی واپس مل جائے اور میں وہ چیز نہ رہوں جس پر ہر کسی کا حق ہے بلکہ میں صرف ایک عام انسان بن جاوں

کنگنا رناوت خاتون ہونے کا فائدہ اٹھانا بند کریں، ہدایتکار

ممبئی(شوبز ڈیسک ) بالی و وڈ ہدایتکارہ فرح خان نے کہا ہے کہ کنگنا رناوت خاتون ہونے کا فائدہ اٹھانا بند کریں ان کی ایسی حرکتوں کی وجہ سے خواتین کے حقیقی مسائل پس پشت جا رہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق فرح خان کا اپنے ٹی وی شو ”لپ سنگھ بیٹل“ کے لانچ تقریب کے دوران کہناتھا کہ میری نظر میں مردوں اور عورتوں کے ساتھ برابر سلوک ہونا چاہیے اگر کوئی مرد کسی عورت کو حراساں کرتا ہے تو وہ جیل جاتا ہے اور اگر کوئی عورت ایسا کرے تو اس کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر ایسے کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور کئی خواتین کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

ملائکہ اروڑا سے علیحدگی کے بعد اربازخان کو پچھتاوا

ممبئی(شوبزڈیسک )نامور بالی ووڈ اداکار وپروڈیو سراورسلمان خان کے چھوٹے بھائی ارباز خان کو اپنی اہلیہ ملائکہ اروڑا سے علیحدگی کے بعد پچھتاوے کا احساس ہونے لگا۔بالی ووڈ کے ناموراداکاراربازخان اوران کی سابقہ اہلیہ ملائکہ اروڑا المعروف ”منی“ کے درمیان گزشتہ برس باہمی رضامندی کے ساتھ 16 سالہ رفاقت کا خاتمہ ہوگیا تھا دونوں ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوارزندگی گزاررہے تھے کہ اچانک علیحدگی کی خبروں نے جہاں ان کے مداحوں کو مایوس کیا وہیں ارباز کے گھر والے خاص طور پر سلمان خان بہت پریشان ہوگئے اور انہوں نے دونوں کے درمیان معاملات سلجھانے کی بھی کوشش کی لیکن ارباز اور ملائکہ اپنے فیصلے پر ڈٹے رہے۔تاہم اب علیحدگی کے ایک سال بعد ارباز خان کو اچانک پچھتاوے کا احساس ہونےکے ساتھ اپنے 14 سالہ بیٹے آرہان خان کی فکر بھی ستانے لگی۔، بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان نے حال ہی میں بیان دیا ہے کہ میں نے ملائکہ سے علیحدگی کے وقت صرف اپنے آپ کو اور اپنے اوپر گزرنے والے حالات کو دیکھا یہ نہیں سوچا کہ ہمارا ایک 14 سالہ بیٹا ہے جس نے اپنے والدین کو الگ ہوتے ہوئے دیکھااور اس کا بہت برا اثرہمارے بیٹےپر پڑا، اب جب ہم دونوں کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے آرہان کو ایسے ماحول اور گائیڈنس کی ضرورت ہےجو اسے ان سب سے نکلنے میں مدد کرے۔ارباز نے مزید کہا کہ علیحدگی کے باوجود میرا اور ملائکہ کا رشتہ بہت اچھا ہے میری سب سے پہلی ترجیح میرا بیٹا ہے اور میں اسے اچھا ماحول دینے کے لیے کچھ بھی کروں گا۔دوسری جانب ملائکہ اروڑا کا کہنا ہے کہ علیحدگی کے باوجود اربازآج بھی میری زندگی کا حصہ ہے وہ میرے بیٹے کا باپ ہے اور یہ حقیقت راتوں رات نہیں بدل سکتی ہمارے درمیان جو بھی ہوا وہ ہمارا ذاتی مسئلہ ہے لیکن اس کا اثر ہم ہمارے بیٹے پر نہیں پڑنے دیں گے، حیرت ہے ملائکہ اورارباز نے یہ سب علیحدگی سے پہلے کیوں نہیں سوچا اور طلاق کے ایک سال بعد اچانک دونوں کے دل میں اپنے بیٹے کی محبت کیسے جاگ اٹھی۔واضح رہے کہ دونوں کی طلاق کے پیچھے کیا وجہ تھی فی الحال یہ بات تو سامنے نہیں آئی ہے لیکن اداکارارجن کپوراورملائکہ اروڑا کے درمیان بڑھتی نزدیکیوں کو دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجہ قراردیا جارہا تھا۔

بے سرے اور سفارشی گلوکاروں نے موسیقی کو نقصان پہنچایا

لاہور (شوبز ڈیسک) نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ میڈم نور جہاں کا انداز گائیکی بہت پسند ہے اور میں ان کو اپنا روحانی استاد بھی مانتی ہوں ، بے سرے اور سفارشی گلوکاروں کی وجہ سے خالص میوزک سننے والوں کی تعداد میں دن بدن کمی ہوتی جا رہی ہے جو بڑی تشویشناک بات ہے ۔ انہوں نے میڈیاسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سینئر استادوں سے باقاعدہ میوزیک کی بنیادی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گلوکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا مگر آج کے گلوکار میوزیک کی الف ب سے بھی واقفیت نہیں ہے جس کے پاس دولت ہوتی ہے وہ پیسے کے بل بوتے پر نت نئے گانے بنا کر ٹی وی چینل پر قسمت آزمائی کے لئے پہنچ جاتا ہے ۔ سائرہ نسیم نے کہا کہ جب سننے والوں کو اچھا میوزک نہیں ملے گا تو لازمی بات ہے کہ لوگوں کا میوزک سے دل اٹھ جائے گا ، ان باتوں کی وجہ سے سینئر گلوکار بھی سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں ،ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے گلوکاروں کو اچھے استادوں سے میوزک کی بنیادی تعلیم دلائی جائے تاکہ سننے والوں کو اچھا اور معیاری میوزک سننے کو مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نور جہاں کا انداز گائیکی بہت پسند ہے میں انکو اپنا روحانی استاد مانتی ہوں ۔

بھارت جاکر کبھی گانے کی خواہش نہیں رہی

لاہور(شوبزڈیسک) پاکستان کے نامور گلوکار وارث بیگ نے کہا ہے کہ صرف اپنے ملک کیلئے گلوکاری کی بھارت کیلئے گانے کی کبھی خواہش نہیں رہی کیونکہ میرے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ میں نے جتنا بھی گایا ہے وہ پاکستان اوراس کے عوام کیلئے گایا اس کے علاوہ کسی دوسرے ملک بالخصوص بھارت میں جاکر گانے کی خواہش کا کبھی اظہارتک نہیں کیا کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ اپنے پاکستانی فینز کیلئے گانا گاﺅں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارت سے بے شمار آفرز بھی آتی رہتی ہیں مگرجہاں ملک کی عزت اور وقار کی بات آئے وہاں کسی بھی صورت ہم ترچھی آنکھ برداشت نہیں کرسکتے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے ایک اورسوال کے جواب میںانہوں نے کہاکہ پاکستان کے فنکاروں نے ثابت کرکے دکھایاہے کہ کسی بھی شعبہ میں دنیا میں ہمارا کوئی مقابل نہیں ہے، اگر حکومت اورادارے تعاون کریں تو ایک میوزک اکیڈمی قائم کرنا چاہتاہوں تاکہ گلوکاری کے فن کو مزید اجاگر کیا جاسکے اور نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جاسکے۔

اب پہلے جیسے پنجابی فلمیں نہیں بن سکتیں

لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان فلم انڈسٹری کے ماضی کے نامور اداکار مصطفی قریشی نے کہا ہے کہ اب وہ دور گزر گیا ہے اس لئے پہلے جیسی نایاب اور کامیاب پنجابی فلمیں نہیں بنائی جاسکتیں ۔ان کا کہنا ہے کہ اب پاکستانی فلموں کی کامیابی کیلئے سرمایہ کاری اور اچھے فلم میکرز کی اشد ضرورت ہے جو معیاری فلمیں بناکر انڈسٹری کو اپنے پاﺅں پر دوبارہ کھڑا کرسکیں۔اداکار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری یہ دلی خواہش ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسڑی بھی بھارت کی فلم انڈسڑی جیسی شاد آباد ہوجائے۔تفصیلا ت کے مطابق مصطفی قریشی نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی کسی بھی شعبے میں اگر محنت اور ایمانداری سے کام کر یں تو ان کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔مگر اس کیلئے ہمیں سب سے زیادہ سر مایہ کاری کی ضرورت ہے جسکے لیے شوبز سے وابستہ لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔

لاہور میں آرمی میوزیم عوام کیلئے کھو ل دیا گیا

لاہور(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی جانب سے آرمی میوزیم کا چند دن قبل افتتاح کیا گیا تھا جواب عوام کے لیے کھول دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لاہورمیں سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاوید باجوہ نے آرمی میوزیم کا چند دن قبل افتتاح کیا تھا جواب عوام کے لئے کھول دیا گیا، میوزیم معاشرے کے لئے اطلاعات اورآگاہی کا ذریعہ ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی میوزیم میں لاہورتحریک پاکستان کی تاریخ اور ورثے کو پیش کیا گیا، میوزیم میں پیش ثقافت کا عنوان قوم کی ’پیدائش نو‘ رکھا گیا جب کہ قائد، مسلح افواج اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت جنگوں کی تاریخ کے شعبے قائم کیے گئے ہیں۔میوزیم میں شہداءکارنر، نشان حیدرگیلری، سیاچن میں زندگی، کشمیرکارنرسمیت اقوام متحدہ میں پاکستان کا کردار، قوم سازی کی کوششوں اوراقلیتوں کی قربانیوں کا بھی احاطہ کیا گیا۔

کے پی کے کی عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام پر مذاق کیا گیا ہے : ریحام خان

ہنگو(ویب ڈیسک) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہئیے جبکہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی کے نام پر عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا۔پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام انتخابی وعدے محض نعروں تک محدود ہیں، میرٹ شفافیت اور انصاف کی باتیں کرنے والے اپنے کردار اورگفتگو پر بی غور کریں، سی پیک میں خیبر پختونخوا کو نظر انداز کیا گیا ہے اورخیبر پختونخوا میں تبدیلی کے نام پر عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ریحام خان نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئیے، خیبر پختونخوا میں بے روزگاری، جہالت اورسماجی مسائل حکومت کے کنٹرول سے باہرہیں اورعوام سوچ سمجھ کر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

لاہور نے سازش اور مہروں کی سیاست کو دفن کردیا، مریم نواز

لاہور: نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ لاہور نے سازش اور مہروں کی سیاست کو کل دفن کردیا اور یہ ایک الیکشن نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہے۔
لاہور میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ہر مرتبہ بدحال پاکستان ملتا ہے اور وہ ہمیشہ خوشحال پاکستان دے کر جاتے ہیں جب کہ وہ ووٹ کے ذریعےآتے ہیں اور جھوٹےمقدمے بنا کرنکال دیا جاتا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور نواز شریف کا بڑا گہرا تعلق ہے، 11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی, نوازشریف کو نااہل کیا گیا تواسٹاک مارکیٹ نیچے آگئی، نواز شریف کو نکالنے کی اتنی جلدی کیوں تھی الیکشن میں ایک سال ہی رہ گیا تھا لیکن 2018 میں مسلم لیگ (ن) اورنوازشریف کی فتح نظرآرہی ہے