این اے 120 میں آخری گیند تک مقابلہ کریں گے: عمران خان

لاہور(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این اے 120 میں آخری گیند تک مقابلہ کریں گے، اپنی عدالتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کے اربوں روپے چوری کر کے بیرون ملک بھجوائے گئے، ہم نے این اے 120 کے لوگوں کو جگانا ہے، نواز شریف کو اربوں روپے چوری کرنے پر نکالا گیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف نے عدالت کے سامنے جھوٹ بولا، اتنے بڑے جرم کے بعد انہیں جیل میں ڈالا جانا چاہئے تھا، یہ الیکشن فیصلہ کن ہو گا، این اے 120 کے عوام کے لئے بڑا امتحان ہے کہ وہ کونسا پاکستان چاہتے ہیں؟ سایئکل چور اور اربوں چوری کرنے والوں کیخلاف قانون برابر ہونا چاہئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف نے وکلاءکنونشن میں سپریم کورٹ کیخلاف زبان استعمال کی، اگر نواز شریف نہیں مانے گا تو باقی لوگ بھی عدالتوں کے فیصلے نہیں مانیں گے، پیسہ چوری کرنیوالوں کے پاس بےگناہی کا کوئی ثبوت نہیں، نواز شریف نے وزیر اعظم ہوتے ہوئے لندن کے اپارٹمنٹس لئے، سوا سال ہو گیا مگر یہ واضح طور پر کچھ نہ بتا سکے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے لندن میں اربوں روپے کے محلات کھڑے کر لئے، نواز شریف نے جھوٹ بولا اور غلط ڈاکیومنٹس دیئے، واضح ثبوتوں پر ان کو مستعفی ہو جانا چاہئے تھا، این اے 120 کے ووٹرز کا امتحان ہے، پتہ چلے گا کون عدالت اور کون مجرم کیساتھ کھڑا ہے، این اے 120 کا الیکشن فیصلہ کن ہے، این اے 120 کے لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کیسا پاکستان چاہتے ہیں

نواز شریف اور عمران خان میں اہلیت ہے نہ صلاحیت : بلاول بھٹو

فتح جنگ(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، کہتے ہیں ہم کبھی کسی آمر کے سامنے نہیں جھکے، ہم کبھی کسی دہشتگرد سے بھی نہیں ڈرے، امریکہ نے پاکستان کو آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں لیکن ن لیگی حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں، انہوں نے 4 سال کوئی وزیر خارجہ نہیں بنایا اور اب جو وزیر خارجہ بنایا ہے وہ جی ٹی روڈ پر پوچھ رہا ہے کہ میاں صاحب کو کیوں نکالا؟ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا، پاکستان پر کوئی اعتماد نہیں کر رہا، کون اس کا ذمہ دار ہے؟ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کرنا ہو گا لیکن دہشتگرد تنظیمیں سیاسی جماعتیں بنا رہی ہیں، دنیا اندھی نہیں، دیکھ رہی ہے کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔
بلاول بولے، یہ لوگ صرف کرسی کی سیاست کر رہے ہیں، میاں صاحب اور خان صاحب میں اہلیت ہے نہ صلاحیت، میاں صاحب اور خان صاحب دائیں بازو کے سیاستدان ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی ترقی دھوکہ ہے تو خان صاحب کی تبدیلی جھوٹ ہے، میاں صاحب آپ نااہل اور آپ کی حکومت ناکام ہے، جب عوام کو ضرورت پڑتی ہے تو خان صاحب پہاڑ پر چڑھ جاتے ہیں، خان صاحب کیا آپ نے مچھر سے بھی ڈرنا شروع کر دیا ہے؟ پشاور میں ڈینگی ہے اور خان صاحب سکھر میں تقریریں کر رہے ہیں، میاں صاحب اور خان صاحب ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، بھٹو نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنوایا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں عوام کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں، آپ ساتھ دیں تو یقین دلاتا ہوں کہ کبھی مایوس نہیں کروں گا، ملک سے غربت کا خاتمہ کریں گے، تعلیم سب کے لئے ہو گی، ہم مساوات پر مبنی معاشرہ بنائیں گے، پیپلز پارٹی دہشتگردوں کو بھی للکارتی ہے اور امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی ہے، سلالہ واقعے کے بعد پی پی حکومت نے نیٹو سپلائی بند کی، تاریخ میں پہلی بار امریکہ نے پاکستان سے معافی مانگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر سرکاری نوکریاں دینے کا الزام لگایا جاتا ہے، عوام کی عدالت میں کھڑا ہو کر یہ جرم قبول کرتا ہوں، حکومت ملی تو یہ جرم دوبارہ کروں گا، پاکستان کو سوشل ڈیموکریٹک ملک بنانا چاہتا ہوں، چاہتا ہوں کہ ریاست ماں کی طرح ہو۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک کی سروسز متاثر

نیویارک(ویب ڈیسک) امریکا، یورپ، آسٹریلیا اور ایشیا کے بعض ممالک میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کی سروسز متاثر ہونے سے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب فیس بک کی ویب سائٹ ڈاو¿ن ہوئی ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں صارفین ویب سائٹ ڈاو¿ن ہونے کی وجہ سے اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے رابطے نہ کر سکے۔ کمپیوٹر پر فیس بک کی ویب سائٹ اوپن کرنے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق امریکا، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی صارفین نے فیس بک کی ویب سائٹ نہ کھلنے کی شکایت کی جبکہ بعض صارفین نے بتایا کہ انہیں فیس بک پر کوئی پوسٹ یا تصویر وغیرہ اپ لوڈ کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
صارفین کو فیس بک کی جانب سے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ویب سائٹ پر ضروری کام کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے فی الحال سروسز دستیاب نہیں جبکہ بعض صارفین کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کریں۔ اس کے علاوہ تصاویر شیئر کرنے والی ویب سائٹ انسٹاگرام میں بھی صارفین کو تصویریں اپ لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے کیوں کہ یہ بھی فیس بک کی ملکیت ہے۔ اس سلسلے میں فیس بک کی جانب سے فی الحال کوئی پیغام سامنے نہیں آیا۔

لگن ہو تو خدا منزلیں خود بخود آسان کردیتا ہے :مہوش حیات

لاہو ر (خصوصی رپورٹ)معروف اداکارہ و ماڈل مہوش حیات نے کہا ہے کہ لگن ہو تو خدا منزلیں خود بخود آسان کردیتا ہے ،میں آج جس مقام پر ہوں یہ سب میری محنت اور اپنے کام سے لگن کی بدولت ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ اپنے کیریئر کے آغاز میں مجھے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر میں نے ہمت نہیںہاری اورا س محاذ پر ثابت قدمی سے چلتی رہی جس کا پھل سب لوگوں کے سامنے ہے ۔ مہوش حیات نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی آمد سے ٹی وی انڈسٹری میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جو بڑی خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کردار نگاری پر توجہ دی ہے یہی میری کامیابی کی وجہ ہے ،میں ذاتی طورپرسفارش اور سفارشی لوگوں کو پسند نہیں کرتی ۔

امریکا خوفناک سمندری طوفان کی زد میں، ہزاروں لوگوں کی نقل مکانی

ٹیکساس (ویب ڈیسک) خوفناک سمندری طوفان ’’ہاروے‘‘ گزشتہ رات اپنی شدت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے امریکی ریاست ٹیکساس کے ساحلوں سے ٹکرا گیا ہے جسے ماہرین انتہائی خطرناک اور جان لیوا قرار دے رہے ہیں۔کل شام تک یہ طوفان کٹیگری 3 میں شامل تھا یعنی اس میں ہوائی جھکڑوں کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم تھی لیکن چند گھنٹوں بعد ہی جمعے کی رات تک اس کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور جھکڑوں کی رفتار 210 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگئی؛ یعنی یہ کٹیگری 4 کا طوفانِ باد و باراں (ہریکین) بن گیا۔

گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ نے خبردار کیا ہے کہ یہ طوفان بڑی تباہی کی وجہ بنے گا اور وہاں کے شہری سیلابی صورتحال کےلیے تیار رہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گورنر ٹیکساس کی درخواست پر رات گئے ریاست ٹیکساس کو آفت زدہ قرار دے دیا تھا اور متعلقہ وفاقی اداروں کو ہنگامی امدادی کارروائیوں کا فوری حکم جاری کردیا تھا۔

اب تک کی صورتحال یہ ہے کہ ہریکین ’’ہاروے‘‘ ٹیکساس کے ساحلی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے جبکہ متاثرہ مقامات سے افراد کا بڑے پیمانے پر انخلا بھی شروع کردیا گیا ہے۔ وہ لوگ جو کسی بنا پر متاثرہ علاقوں کو چھوڑ کر نہیں جاسکتے ان کےلیے وہیں پر محفوظ مقامات بنادیئے گئے ہیں۔خلیج میکسیکو کی جانب سے ٹیکساس کی طرف بڑھنے والا یہ طوفان اب تک اس امریکی ریاست کے ساحلی مقامات لیمار اور راک پورٹ سے ٹکرا چکا ہے جبکہ 6 تا 10 میل فی گھنٹہ کی شرح سے اس کی پیش رفت مسلسل جاری ہے۔ اس کے دیوقامت بازؤوں میں ہوا کی گردشی رفتار 210 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوچکی ہے۔

ٹیکساس کے ساحلی شہر کورپس کرسٹی میں نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ یہ طوفان شمال مغرب کی سمت حرکت کرتے ہوئے 600 کلومیٹر تک آگے بڑھے گا جبکہ اس سے اراناساس کاؤنٹی، نارتھ ایسٹرن سان پیٹریشیو کاؤنٹی اور سینٹرل ریفیوجیو کاؤنٹی کے علاقوں کو شدید ترین خطرات لاحق ہیں۔

امریکا کے نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق کورپس کرسٹی کے ساحلوں سے ٹکرانے والی لہروں کی شدت اور اونچائی ظاہر کرتی ہیں کہ آنے والے 12 سے 24 گھنٹوں میں اس طوفان کی وجہ سے موسمی صورتحال مزید خراب ہوگی۔

ماہرینِ موسمیات کے نزدیک ’’ہاروے‘‘ طوفانِ باد و باراں (ہریکین) کا انداز بھی معمول کے طوفانوں سے خاصا مختلف ہے کیونکہ ساحل سے ٹکرانے کے بعد یہ مزید آگے بڑھنے کے بجائے سمندر کی طرف واپس پلٹ سکتا ہے اور یوں اس کی کم پڑتی ہوئی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ اس سے ہونے والی تباہی بھی ہمارے سابقہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔