کوئٹہ :زرعون روڈ پر چرچ کے قریب دھماکا،9افراد جاں بحق،34افراد زخمی

کوئٹہ(ویب ڈیسک)  زرغون روڈ پر واقع چرچ پر خودکش حملے میں 9 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں زرغون روڈ پر متعدد دہشت گردوں نے میتھوڈسٹ چرچ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کو طلب کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق حملے میں  چار دہشت گرد ملوث تھے، لیکن سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ان کا حملہ پوری طرح کامیاب نہ ہوسکا۔ ایک بمبار نے خود کو دروازے پر دھماکے سے اڑادیا جس کے بعد باقی حملہ آوروں نے اندر داخل ہوکر فائرنگ کی اور چاقوؤں سے حملے کیے۔ فورسز سے جھڑپ میں ایک حملہ آور مارا گیا اور دیگر دو حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پہلے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا۔ دہشتگردوں نے چرچ میں گھس کر اندر موجود افراد پر چاقو سے حملہ کرکے انہیں زخمی بھی کیا۔

وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو خودکش حملہ آوروں میں سے ایک نے چرچ کے دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے بعد دوسرا حملہ آور گرجا گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا اور اس نے اندر گھس کر فائرنگ شروع کردی، سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دوسرا حملہ آور مارا گیا جب کہ دیگر دو دہشت گرد فرار ہوگئے۔

 

اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے گرجا گھر میں خواتین اور بچوں سمیت مسیحی برادری کے 400 سے زیادہ افراد عبادت کے لیے جمع تھے اور دعائیہ تقریب ہورہی تھی جبکہ کرسمس کی تیاریاں بھی کی جارہی تھیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور آپریشن کیا جارہا ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

 

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، صدر ممنون حسین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور سیاسی شخصیات نے کوئٹہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ چرچ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد اور پرعزم ہے۔ صدر ممنون حسین نے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حملے میں مسیحی بھائیوں کونشانہ بنایا گیا، جس کا مقصد مذہبی تقسیم کو ہوا دینا ہے اور یہ کرسمس کا جشن پھیکا کرنے کی ایک کوشش ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ چرچ کو نشانہ بنانے کا واقعہ بزدلانہ اور افسوس ناک عمل ہے، جب کہ اقلیتوں کی مذہبی آزادی کا تحفظ پوری قوم کا فرض ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حملے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو انکے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

بھارت کے نخرے، ایشین کرکٹ دنگل کیلیے نئے اکھاڑے کی تلاش

ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی نخرے بڑھنے پر ایشین کرکٹ دنگل کیلیے اکھاڑے کی تلاش شروع کر دی گئی جب کہ پاکستان کی شمولیت پر تشویش میں مبتلا بی سی سی آئی انعقاد سے دستبردار ہونے کو تیار ہے۔پاکستان اور بھارت میں سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کرکٹ تعلقات بھی تعطل کا شکار ہیں،دونوں ملکوں کے مابین آخری باہمی سیریز2012/13میں ہوئی تھی جب گرین شرٹس نے محدود اوورز کے میچز کیلیے پڑوسی ملک کا دورہ کیا،اس کے بعد پاکستان ٹیم نے سخت سیکیورٹی انتظامات میں ورلڈکپ2011کے میچز بھارت میں کھیلے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2016میں شرکت کیلیے بھی گرین شرٹس پڑوسی ملک گئے،اس دوران انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے بعد ایک میچ کا وینیو بھی تبدیل کرنا پڑا۔آئی سی سی ایونٹس کے سوا بھارتی ٹیم پاکستان کے ساتھ کوئی میچ کھیلنے کو تیار نہیں، اس کی وجہ بی سی سی آئی حکام یہی بتاتے ہیں کہ حکومت اجازت نہیں دیتی، بھارتی بورڈ نے 2014 میں ’’بگ تھری‘‘ کی حمایت کے بدلے8سال میں6 باہمی سیریز کھیلنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان میں سے ایک بھی ممکن نہیں ہوسکی جب کہ پی سی بی نے اپنے نقصان کے ازالہ کیلیے آئی سی سی تنازعات کمیٹی سے رجوع کر رکھا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے کرکٹ اسٹرکچر میں ٹیسٹ اور ون ڈے لیگز کے مقابلے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہیں،البتہ فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہونے تک سب کا ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا لازمی قرار نہیں دیا گیا، مثال کے طور پر ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہر ٹیم کو کم ازکم 6مختلف ٹیموں سے میچز شیڈول کرنا ہیں،اس پالیسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بی سی سی آئی نے 2019سے 2023تک مجوزہ ایف ٹی پی میں پاکستان کے ساتھ ایک میچ بھی نہیں رکھا، اس دوران بھارت کوآئندہ سال 15سے 30ستمبر تک ایشیا کپ کی میزبانی کرنا ہے،بعد ازاں چیمپئنز ٹرافی2021اور ورلڈکپ 2023بھی پڑوسی ملک میں ہی ہونگے۔موجودہ صورتحال آئندہ بھی برقرار رہی تو پاکستان ٹیم کی ان میگا ایونٹس میں شرکت پر سوالیہ نشان ہوگا، فی الحال مستقبل قریب میں ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کیلیے دردسر ہے،پاکستانی ٹیم کے بغیر اس ایونٹ کا مزا کرکرا ہوگا، اگر گرین شرٹس شرکت کرتے ہیں تو مغرور بھارتی بورڈ کی انا کو دھچکا لگے گا،اس صورت میں تیسرے آپشن کا فیصلہ ہی مناسب ہوگایاد رہے کہ پاکستان کی وجہ سے انڈر19ایشیا کپ بھارت سے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور منتقل کردیا گیا تھا، بھارتی میڈیاکے مطابق بی سی سی آئی نے ایشیائی ایونٹ کی میزبانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے، باضابطہ اعلان ایشین کرکٹ کونسل کے پیر کو دبئی میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں کردیا جائے گا، اے سی سی کی صدارت پاکستان کے پاس ہے۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی میٹنگ کی صدارت کیلیے آج رات دبئی روانہ ہوجائیں گے، بھارتی بورڈ کی نمائندگی قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہول جوہری کرینگے جب کہ ذرائع کے مطابق 5ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی بنگلادیش یا سری لنکا میں سے کسی ایک کو سونپنے کاامکان ہے، دوسری صورت میں انڈر19 ایشیا کپ کی طرح ملائیشیا میں بھی مقابلے کرائے جاسکتے ہیں۔

رواں سال گوگل پر ویرات کوہلی کو پاکستانی شائقین نے سب سے زیادہ سرچ کیا

نئی دہلی(ویب ڈیسک) پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو سرچ کیا گیا ہے۔رواں برس گوگل کے ٹاپ ٹرینڈ میں پاکستان کی جانب سے سرچ کیے جانے والے کرکٹرز میں ویرات کوہلی سب سے اوپر رہے جب کہ ان کے بعد پاکستان کے کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر کا نمبر ہے۔یاد رہے کہ کوہلی ان چند کرکٹرز میں سے ایک ہیں جن کے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ تعلقات کافی خوشگوار ہیں، حال ہی میں ان کی شادی پر سرحد پار سے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

انضمام کی مصروفیات اصل ذمہ داریوں کے آڑے آگئیں

لاہور(ویب ڈیسک) انضمام الحق کی نجی لیگ میں مصروفیات اصل ذمہ داریوں کے آڑے آگئیں۔چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد پاکستانی ٹیم نے سری لنکا سے ون ڈے سیریز میں بھی 5-0سے کلین سوئپ مکمل کرلیا، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی گرین شرٹس سرخرو ہوئے جب کہ اگلا امتحان خاصا سخت ہے، سال کے آغاز میں ہی پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں 5ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، اس دورے کیلیے الگ طرح کی تیاریاں بھی درکارہیں لیکن ابھی تک اسکواڈز کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔دوسری جانب ماضی میں لیگز کی مخالفت کرنے والے انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا چارج سنبھالا تو دعویٰ کیا تھا کہ غیرملکی فرنچائز ٹورنامنٹس نہیں بلکہ اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کی بنیاد پر قومی ٹیموں کیلیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرینگے، اس کے بعد ان کی خود ٹی ٹوئنٹی لیگز میں دلچسپیاں پیدا ہوئیں جو بڑھتے بڑھتے ٹی 10تک پہنچ گئیں۔سابق کپتان کا نام شارجہ میں ہونے والے اس ایونٹ کی ایک ٹیم کے مالکان میں درج تھا تاہم میڈیا کی نشاندہی پر پی سی بی نے تحفظات کا اظہار کیا تو بطور مینٹور وابستگی ظاہر کردی اور یواے ای جا پہنچے، اب صورتحال یہ ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی اکثریت شارجہ میں غیروں کی ٹی 10لیگ کھیل رہی ہے اور چیف سلیکٹر ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی وہیں لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو قبل ازوقت نیوزی لینڈ بھیج کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا،اس وقت رخصت پر موجود غیر ملکی کوچنگ اسٹاف بھی براہ راست اسکواڈ کو جوائن کرے گا،ٹی 10لیگ کے بعد ممکنہ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لیے جانے ہیں، مگر نجی لیگ میں مصروفیات کی وجہ سے معاملات تعطل کا شکار ہیں۔

نواز شریف بیٹی مریم کے ہمراہ لندن سے لاہور پہنچ گئے

 لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ لندن سے وطن واپس آگئے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف بیٹی مریم نوازکے ہمراہ لندن سے پی آئی اے کی پروازپی کے 758 سے لاہورپہنچ گئے۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنرسید ابن عباس کی جانب سے پاکستان کے سابق وزیراعظم کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا، وہ جہازکے اندرتک چھوڑنے کے لیے آئے جب کہ ائیرپورٹ جانے کے لئے پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی بھی نوازشریف کی رہائش گاہ پربھیجی گئی۔سابق وزیراعظم ایک روز آرام کے بعد پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بلائیں گے، جس میں عمران خان اور جہانگیرترین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں سمیت مختلف امور پر بات چیت کریں گے جب کہ منگل کو وہ احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے دو ترازوں نہیں چلیں گے، عمران خان نااہلی کیس میں جوعدالتی فیصلہ آیا وہ خود بول رہا ہے کہ اس طرح کا انصاف نہیں چلےگا جب کہ اس کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

نیب نے چوہدری برادران سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں

 لاہور(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ق) کے چوہدری برادران سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں۔ نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی کے مبینہ غیر قانونی اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں۔  نیب نے چوہدری برادران سے الیکشن مہم میں ہونے والے اخراجات کا بھی ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنے الیکشنز میں حصہ لیا ان کی انتخابی مہم پر خرچ کردہ رقم کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔نیب نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی کو انتخابی رقم کے ذرائع و وسائل سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے الیکشن کمیشن سے بھی چوہدری برادران کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے یہ تفصیلات دو ہفتے میں فراہم کرنے کا کہا جائے گا۔نیب ذرائع کے مطابق چوہدری برادران اور الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول تفصیلات کا آزاد ذرائع سے موازنہ کیا جائے گا، ملزمان کی جانب سے غلط جواب جمع کرانے پر انہیں پانچ برس تک سزا بھی ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ نیب آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں چوہدری برادران کے خلاف 2 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کی چھان بین کر رہا ہے۔

عمران خان کے کیس میں بھی جے آئی ٹی بننی چاہیئے ،افتخار چوہدری

لاہور (ویب ڈیسک)سابق چیف جسٹس اور جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین افتخار چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے فیصلے پر نظرثانی ہونی چاہئے ،ان کا کہناتھا کہ چیئرمین تحریک انصاف ،جہانگیر ترین اور نوازشریف کے کیسز ایک جیسے تھے،عمران خان کے کیس میں بھی جے آئی ٹی بننی چاہئے تھی۔افتخار محمد چودھری نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے اثاثوں پر کبھی ٹیکس نہیں دیا،عمران خان نے 2000 میں ٹیکس چھوٹ سکیم سے فائدہ اٹھایا ۔

تحریک انصاف آج اوکاڑہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریگی،پنڈال سج گیا

اوکاڑہ (ویب ڈیسک)تحریک انصاف انتخابی رابطہ مہم کے سلسلے میں آج اوکاڑہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے۔اوکاڑہ کے فٹبال گراو¿نڈ میں پی ٹی آئی کی جانب سے بڑے پاور شو کے لئے پنڈال سجادیا گیا ہے جہاں انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ جلسے کے لیے اسٹیڈیم میں 15 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔مقامی رہنماوں کے مطابق جلسے میں 70 سے 80 ہزار کے قریب کارکنان کی آمد متوقع ہے جبکہ جلسہ گاہ میں 6 کنٹینروں پر مشتمل اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔جلسے سے چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین خطاب کریں گے جب کہ جلسے کے لئے شرکا کو 4 بجے کا وقت دیا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور خواتین کے لئے پنڈال میں خصوصی جگہ مختص کی گئی ہے جب کہ شرکا کو مکمل سیکیورٹی چیکنگ کے بعد جلسہ گاہ کے اندار داخلے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو اوکاڑہ میں ویلکم کرنے کے لیے مقامی رہنماو¿ں کی جانب سے شہر بھر میں بینرز اور پینا فلیکسز آویزاں کردیے گئے ہیں۔

کوئٹہ دھماکے کے بعد ملک بھر میں گرجا گھروں کی سیکورٹی ہائی الرٹ

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) کوئٹہ میں چرچ پر حملے کے بعد وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے تمام گرجا گھروں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ کوئٹہ زرغون روڈ پر چرچ پر خودکش حملے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جب کہ شہر کے تمام چرچوں پر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ایس ایس پی اسلام آباد کے ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری ہونے کے بعد تمام سرکاری افسران اپنے اپنے علاقے میں واقع چرچوں پر موجود ہیں جب کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تلاشی کا عمل بھی سخت کردیا گیا ہے۔حیدرآباد میں گرجا گھروں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے ہدایت کی ہے کہ چرچ، کرسچن کمیونٹی کی عبادتگاہوں اور غیر ملکی ریستوران پر فول پروف حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔  کرسمس کے حوالے سے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز ذمہ داران سے ملکر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائیں۔گوجرانوالہ میں بھی آرپی او نے ریجن بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کا حکم جاری کردیا ہے۔ آرپی او اشفاق احمد خان نے کہا کہ تمام ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید سخت کردیں۔

کھلاڑیوں کیلئے بڑی خوشخبری۔۔۔ عمران جمائما سے دوبارہ شادی کر سکتے ہیں،مفتی نعیم کے بیان نے ہلچل مچا دی

لاہور (ویب ڈیسک) آج کل عمران خان کو جمائمہ سے دوبارہ شادی کے مشورے دئیے جا رہے ہیں اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد تو یہ مشورہ ایک طرح سے ”مطالبے“ میں بدل گیا ہے کیونکہ تحریک انصاف کے کارکنان اور اداکارہ میرا کے بعد شیخ رشید نے بھی یہ بات کہہ دی ہے۔لیکن اگر عمران خان جمائمہ خان سے دوبارہ شادی کرنا چاہیں تو کیا شرعی طور پر وہ ایسا کر سکتے ہیں؟ معروف مذہبی سکالر مفتی نعیم نے اس سوال کا جواب دیدیا ہے اور یہ جان کر عمران خان کی خوشی کی انتہاءنہ رہے گی کہ شرعی طور پر ایسا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ معروف مذہبی سکالر مفتی نعیم سے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سوال پوچھا گیا کہ ”شیخ رشید کی جانب سے تجویز ہے کہ اگر کوئی مذہبی معاملات ایسے نہ ہوں تو عمران خان جمائمہ سے شادی کر لیں۔ تو کیا یہ اب ممکن ہے؟“
مفتی نعیم نے جواب دیا کہ ”عمران خان نے جو طلاق دی، وہ ایک مرتبہ دی، دو مرتبہ دی یا پھر تین مرتبہ دی، یہ بات تو خود عمران خان ہی بتائیں گے۔ لیکن عام طور پر مغربی ممالک میں جو طلاق دی جاتی ہے تو وہاں ”Divorce” کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ اور یہ لفظ استعمال کرنے سے ایک طلاق ہوتی ہے اور شرعی اعتبار سے گنجائش ہوتی ہے کہ دوبارہ نکاح کر کے بیوی بنا سکتے ہیں۔ اگر عمران خان نے دو مرتبہ بھی طلاق کا لفظ استعمال کیا تو بھی گنجائش ہے اور اگر تین مرتبہ طلاق دی ہے تو پھر اس میں یہ دیکھنا ہو گا کہ تین طلاقیں ایک ہی مرتبہ کہی ہیں یا الگ الگ کہی ہیں۔ عمران خان نے اگر ایک ہی مرتبہ تین طلاقیں کہی ہیں تو اس میں بھی بعض اماموں نے گنجائش رکھی ہے کہ جمائمہ نکاح کر کے دوبارہ ان کی بیوی بن سکتی ہیں۔“ اس موقع پر پروگرام کی میزبان نے دوبارہ سوال پوچھا کہ ”اگر عمران خان نے زبانی طلاق نہیں کہا اور صرف لکھ کر دیا ہے، چاہے وہ ایک مرتبہ لکھا ہے یا تین مرتبہ تو پھر کیا حیثیت ہو گی ؟“ مفتی نعیم نے جواب دیا کہ ” تو پھر یہ دیکھنا ہو گا کہ ایک مرتبہ لکھا ہے، دو مرتبہ لکھا ہے، یا تین مرتبہ لکھا ہے۔“