سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں عمرے پر گئے 4 پاکستانی دوست جاں بحق ہوگئے۔ سعودی عرب میں ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں سوار 4 افراد جاں بحق جب کہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ٹریفک حادثہ مدینہ روڈ پر القسیم کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق افراد اور زخمی کی شناخت ہوگئی ہے۔ تمام افراد کا تعلق پاکستان کے ضلع لوئر دیر کے علاقے میدان سے تھا۔چاروں افراد آپس میں دوست تھے جو عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے اور ایک ہی گاؤں کے رہنے والے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں انور زمین ،نعیم اللہ، واحد گل، سلطان باچا شامل ہیں جن کی عمریں 20سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ واقعے میں گاڑی کا ڈرائیور آدم خان شدید زخمی ہوگیا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔