لاہور(خصوصی رپورٹ) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 9کلو ہیروئن کیساتھ پکڑی گئی غیر ملکی خاتون سے تفتیش کیلئے جے آئی جی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا اور تمام حساس اداروں سے ایک ایک قابل افسر کا نام شامل کرنے کیلئے فہرستیں طلب کرلی گئیں جبکہ خاتون کے موبائل ڈیٹا نے تفتیش کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔ جے آئی ٹی تفتیش کرے گی کہ گوجرانوالہ اور گجرات کے رہائشی اور اس غیر ملکی خاتون سے روابط رکھنے والے دیگر ملزم ابھی تک کیوں گرفتار نہیں کیے گئے۔ دوسری جانب کسٹمز انویسٹی گیشن ٹیم نے مافیا کے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گوجرانوالہ سے پکڑے گئے ملزم شعیب کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس نے ملزمہ ٹریسا کے لئے کرائے کا گھر لے رکھا تھا اور دو دن تک ملزمہ وہاں پر رہی تاہم ٹریسا کو ہیروئن سے بھرا بیگ لاہور کے ایک شہری نے دیا تھا جس کی گرفتاری کیلئے کسٹمز حکام چھاپے مار رہے ہیں۔ دوسری جانب کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ ٹریسا کیلئے اس کے ملک چیک ری پبلک کے پاکستان میں تعینات سفارتی عملہ نے کسٹمز حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ ملزمہ کے حوالے سے جو کیس درج کیا گیا ہے اس کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔