ملتان ( سی پی پی ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی ٹیم ملتان سلطانز کے نمائشی میچ میں بھگدڑ مچنے کے باعث شعیب ملک زخمی ہوگئے، عوام کا جم غفیر ہٹانے کیلئے پولیس کو لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔نجی ٹی وی کے مطابق ملتان سلطانز کا نمائشی میچ شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا، میچ کے اختتام پر عوام کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کے حصے میں آگئی اور انہیں گھیر لیا، اس دوران پویلین میں بھگدڑ مچنے سے شعیب ملک گر گئے اور ان کے گھٹنے پر چوٹ آئی، انہیں بڑی مشکل سے عوام کے ’چنگل‘ سے چھڑایا گیا۔عوام کا جم غفیر ہٹانے کیلئے پولیس کو لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔ نمائشی میچ میں پیدا ہونے والی بدنظمی اور سکیورٹی کی ناقص صورتحال پر ملتان سلطان کے کوچ وسیم اکرم بھڑک اٹھے اور انہوں نے اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔ وسیم اکرم کے بائیکاٹ کے باعث اختتامی تقریب ملتوی کرنا پڑی اور کھلاڑی انعامات سے محروم رہے۔
