لاہور (ویب ڈیسک ) صاف پانی کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش ہوگئے۔ سماعت کے موقع پر چیف جسٹس اور شہباز شریف کے درمیان مکالمہ ہوا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میاں صاحب ایک آپ ہی تو ہیں جو عدلیہ کی عزت کر رہے ہیں، خیال ہے اگلے وزیراعظم آپ ہونگے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس پر شہباز شریف نے جواب دیا آپ میری نوکری کے پیچھے کیوں پڑ گئے ہیں، شہباز شریف کے جواب پر کمرہ عدالت میں قہقہہ لگ گیا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہم جانتے ہیں آپ ہماری بہت عزت کرتے ہیں، ایک ااپ ہی تو ہیں جو اکیلے عدلیہ کی عزت کر رہے ہیں، شہباز شریف نے جواب دیا کہ ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میاں صاحب ! آپ یہ بات اپنی پارٹی کو بھی سمجھائیں۔ چیف جسٹس نے یہ بھی ریمارکس دیئے کہ میاں صاحب ! پولیس اہلکاروں نے آپ کو کیوں ڈرایا ہوا ہے ، عوامی شخصیت بنیں اور عوام میں آئیں جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے جواب دیا کہ میں نے کچھ عرض کیا تو حکم عدولی ہوگی۔