ملتان(وقائع نگار خصوصی)گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ جو صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں نے روزنامہ خبریں ملتان کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر غفار احمد میاں اور چیف رپورٹر مظہر جاوید سے سرکٹ ہاﺅس میں ایک ملاقات میں زکریا یونیورسٹی زیادتی کیس پر شدید دکھ کا اظہارکیا۔انہیں جب اخترعالم قریشی کے بیٹے علی رضا قریشی کی شرمناک واقعہ کی ویڈیو دکھائی گئی تو گورنر پنجاب کانپ اٹھے اور توبہ توبہ کرنے لگے۔انہوں نے کہاکہ اس قسم کی شکایات تمام یونیورسٹیوں میں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمیں دکھ ہے کہ قوم کی بیٹیاں اساتذہ کے ہاتھوں بلیک میل ہورہی ہیں جو ہم سب کے لیے انتہائی تکلیف دہ بات ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ سمسٹر سسٹم اس تمام برائی کی جڑ ہے جس وقت یہ لاگو کیا جارہا تھا تو کسی کے تصور میں بھی نہیں تھاکہ اساتذہ بھی اس قسم کی غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہوسکتے ہیں۔حالانکہ ہمارے دین میں اساتذہ کو روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے بھی بات چیت کرچکے ہیں اور تمام خفیہ ایجنسیوں کی خدمات بھی حاصل کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جارہاہے جس کا اصل مقصد ان ناسوروں کےخلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔گورنر نے بتایا کہ آپ کی آمد سے قبل میں نے زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو بلایا تھا اور ان سے زیادتی کیس کے حوالے سے معلومات لی تھیں۔اس موقع پر گورنر نے زکریا یونیورسٹی کی ایک طالبہ کا خط بھی پیش کیا جو رجسٹریشن برانچ کے ایک کلرک کے ایک طالبہ کو بلیک میل کرنے کے حوالے سے تھا۔اس خط میں انتہائی شرمناک حقائق منظرعام پر لائے گئے تھے۔گورنر نے اس خط کے حوالے سے بھی شدید دکھ کا اظہارکیا اور اس پر مکمل تحقیقات کا وعدہ بھی کیا۔
