لاہور (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے فراڈ کے مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان نیب لاہور کے مطابق ملزم یاسر شریف پر کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہونے کا الزام ہے اور ملزم 2015ءسے مطلوب تھا۔ملزم یاسر شریف کی شریک ملزمان سے ملی بھگت کر کے عوام سے دھوکہ دہی کے ذریعے6کروڑ 70لاکھ روپے لوٹے گئے،دیگر شریک ملزمان میں محمد شریف، رانا محسن اور یوسف منج شامل ہیں، تینوں ملزمان نیب لاہور کے ہاتھوں گرفتار ہوئے جبکہ ملزم یاسر کو عدالت کی جانب سے مفرور قرار دیا گیا۔ ملزمان کی جانب سے سٹیل ملز کیلئے 6کروڑ 70لاکھ مالیت کا خام مال خریدا گیا، متاثرین کو منافع دیا گیا نہ ہی انکی رقوم لوٹائی گئیں، نیب لاہور کی جانب سے ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں 2015ءمیں کرپشن ریفرنس داخل کیا گیا۔ ملزم یاسر شریف کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے آج (منگل) احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائیگا۔
