لاہور (نیااخبار رپورٹ) مسلم لیگ (ن) نے سینٹ کے آرٹیکل 62 اور 63 میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے آئینی ماہرین سے اس کا مسودہ تیار کرالیا ہے۔ شق 62 اور 63 کا ڈنگ نکالنے کے لئے چند الفاظ تبدیل کرنے سے پوری شق کا مفہوم ہی تبدیل کردیا جائے گا۔ اس میں اسی طرز پر ترمیم ہوگی جس طرح امیدواروں کے حلف نامے میں ختم نبوت کے حوالے سے باریک کام کیا گیا تھا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ایک مکمل آئینی پیکیج تیار کر رکھا ہے جس میں اہم اداروں کے اختیارات محدود کرنے کے لئے ہوم ورک کیا گیا ہے تاہم 62 اور 63 کی روح کے خاتمے کے لئے سینٹ الیکشن کے فوری بعد اسے تبدیل کرایا جائے گا۔ اس حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں اور باور کرایا جارہا ہے کہ اس سے تمام سیاسی رہنماﺅں اور امیدواروں کو فائدہ ہوگا اس لئے اس کو اکثریت رائے سے منظور کرایا جائے۔