دبئی(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ میں شامل غیر ملکی کر کٹرز نے پی ایس ایل کے معیار کو دیگر لیگز سے اعلیٰ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں باﺅلنگ کا معیار بہت ہی زبردست ہے،جس کے باعث رنز بنانا مشکل ہے،پاکستان سپر لیگ بہترین اور اعلی معیار کی لیگ ہے جس پر منتظمین کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔پشاور زلمی کے کھلاڑی ڈوین سمتھ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کو دنیا بھر کی دیگر لیگوں سے مشکل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی عمدہ باﺅلنگ کے باعث یہ لیگ کھیلنا بہت مشکل ہے، اس موقع پر انہوں نے 19 سالہ ابتسام شیخ کی کارکردگی کو بھی عمدہ قرار دیا۔کراچی کنگز کیخلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈوین سمتھ نے کہا کہ پی ایس ایل میں باﺅلنگ کا معیار بہت ہی زبردست ہے اور جب محمد عامر انجری کے باعث گراﺅنڈ سے باہر چلے گئے تو مجھے بہت خوشی محسوس ہوئی کیوں کہ انکی باﺅلنگ پر رنز سکور کرنے مشکل ہورہے تھے ۔دوسری جانب ملتان سلطانز کے لیگ اسپنر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ بہترین اور اعلی معیار کی لیگ ہے،ٹورنامنٹ میں ساری ٹیمیں ہی بڑی ٹیمیں ہیں لیکن اسلام آباد نے اچھا کھیل پیش کیا اور وہ جیت گئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے پیغام ہے کہ پی ایس ایل بہترین انداز میں ہورہی ہے اور کھیل سے بھی لطف اندوز ہو رہا ہوں جب کہ پی ایس ایل کھیل کر فخر محسوس کررہا ہوں۔دوسری لیگ اور پی ایس ایل سے موازنے کے سوال پر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ بہترین اور اعلی معیار کی لیگ ہے جس پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں ۔