ممبئی (اے پی پی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے نئے سالانہ پلیئرز کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا، پہلی مرتبہ اے پلس کیٹگری متعارف کرائی گئی ہے جس میں ویرات کوہلی، روہت شرما، شیکھر دھون، بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا شامل ہیں کو سالانہ 7 کروڑ روپے معاوضہ ملے گا، مہندرا سنگھ دھونی اے پلس کیٹگری میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، انہیں اے کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کیلئے اکتوبر 2017ءسے ستمبر 2018ءتک نئے سالانہ کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا۔
پہلی مرتبہ اے پلس کیٹگری کو متعارف کیا گیا ہے جس میں شامل کھلاڑیوں کو سالانہ 7 کروڑ، اے کیٹگریز والے کھلاڑیوں کو 5 کروڑ، بی کیٹگری والے کھلاڑیوں کو 3 کروڑ جبکہ سی کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے سالانہ معاوضہ ملے گا، کوہلی، روہت شرما، دھون، بھنشور اور جسپریت بمرا اے پلس کیٹگری، اے کیٹگری میں ایشون، جدیجہ، مرلی وجے، چیتشور پوجارا، اجنکیا راہانے، دھونی اور ساہا، بی کیٹگری میں لوکیش راہول، اومیش یاداو، کلدیپ یاداو، یزویندرا چاہل، ہرڈک پانڈیا، ایشانت شرما اور دنیش کارتھک جبکہ سی کیٹگری میں کیدر جادھو، منیش پانڈے، اکثرپٹیل، کرن نائر، سریش رائنا، پارتھو پٹیل اور جیانت یادیو شامل ہیں۔