دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ تھری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 67 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان سپر لیگ تھری کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کی شاندار بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 180 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز مقررہ اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 113 رنز ہی بناسکے۔ کراچی کنگز کی جانب سے اس بار شاہد آفریدی کو اوپننگ کے لیے بھیجا گیا لیکن ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی وہ 5 گیندوں پر ایک رنز بناکر آٹ ہوگئے جب کہ دوسرے اوپننگ بلے باز جوئے ڈینلی بھی صرف ایک رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے بلے باز کولنگ انگرام بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ روی بوپارا بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے مزاحمت کی بھرپور کوشش کی اور کچھ دیر وکٹ پر موجود رہے لیکن ان کی ہمت بھی 32 رنز پر جواب دے گئی۔ کپتان عماد وسیم نے خود اوپر آنے کا فیصلہ کیا لیکن اتنے بڑے اسکور کو دیکھ کر ان کی اننگز بھی 35 رنز تک محدود رہی اور ڈیوڈ ویزا بھی صرف 5 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے جب کہ محمد رضوان 26 رنز پر ناٹ آٹ رہے۔ اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ کوئٹہ کی جانب سے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 60 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم اسد شفیق لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 16 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، انہیں شاہد آفریدی نے پویلین واپس بھیجا۔ کیون پیٹرسن تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور واٹسن کے ساتھ ملکر 86 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اس دوران پیٹرسن نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن وہ اپنی اننگز کو مزید آگے نہ بڑھاسکے اور 51 رنز پر عثمان خان کا شکار بن گئے۔ شین واٹس آج بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور انہوں نے ریلی روسوو کے ساتھ بھی شراکت قائم کرنے کی کوشش کی لیکن محمد عامر نے روسوو کو 13 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا تاہم واٹسن وکٹ پر ڈٹے رہے اور 6 چھکوں، 5 چوکوں کی مدد سے 58 گیندوں پر 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔