دبئی(آئی این پی) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے متعلق پی سی بی کا جو فیصلہ ہوگا وہ منظور ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ کے دوران پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اپنے کیرئیر میں کبھی بھی کپتان بننے کا مطالبہ نہیں کیا، مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی سلیکشن کے حوالے سے جو فیصلہ پی سی بی کا ہوگا وہی انہیں منظور ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ میری ذمہ داری اچھی کرکٹ کھلینا ہے اور بطور کپتان کارکردگی بہتر ہے تو امید ہے کہ میں ہی قومی کرکٹ کا کپتان رہوں گا۔سرفراز احمد نے فاسٹ بالر راحت علی کی ایونٹ میں پرفارمنس کو سراہا اور کہا کہ ٹورنامنٹ میں اب تک کی کامیابی میں ان کا اہم کردار ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹاپ آرڈر بلے باز کیون پیٹرسن پاکستان آکر فائنل کھیلیں گے اور اس حوالے سے وہ اچھا فیصلہ کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ برس پی ایس ایل 2 کے فائنل میں 4 انٹرنیشل کھلاڑی پاکستان نہیں آئے جس کی وجہ سے ٹیم متاثر ہوئی تاہم اس مرتبہ متبادل انتظام بھی کیا گیا ہے۔سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ لاہور قلندرز ایونٹ میں پہلے حصے کے دوران ہی باہر ہوجائے گی۔