کیپ ٹاﺅن(اے پی پی) جنوبی افریقن ٹیم کے سٹار فاسٹ باﺅلر ڈیل سٹین کی کرکٹ میدانوں میں واپسی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی۔ سٹین رواں سال بھارت کے خلاف کھیلی گئی ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوران پاﺅں کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں، وہ کینگروز کے خلاف جاری ہوم ٹیسٹ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں کم بیک کیلئے پر جوش تھے تاہم سو فیصد فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان کی کرکٹ میدانوں میں واپسی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی، ہو سکتا ہے کہ کینگروز کے خلاف شیڈول چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں انہیں دوبارہ ٹیم میں طلب کیا جائے۔
، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان آخری ٹیسٹ 30 مارچ سے 3 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ سٹین کو جنوبی افریقہ کا کامیاب ترین ٹیسٹ باﺅلر بننے کیلئے مزید تین وکٹوں کی ضرورت ہے، اس وقت شان پولاک 421 وکٹیں لیکر سرفہرست ہیں جبکہ سٹین نے 419 وکٹیں لے رکھی ہیں۔