کولمبو (ویب ڈیسک) پاک بھارت کرکٹ کے فاصلے مٹانے کے لیے سری لنکا پل کا کردار نبھانے کو تیار ہوگیا، بورڈ چیف تھالنگا سماتھی پالا نے روایتی حریفوں کے مقابلوں کو ایشیائی کرکٹ کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے اپنے ملک میں میچز کی پیشکش کردی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سری لنکن بورڈ کے صدر تھالنگا سماتھی پالا نے پاک بھارت مقابلوں کو ایشیائی کرکٹ کیلیے ناگزیر قرار دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے روابط خراب ہونے کا خطے کی کرکٹ کو بھی نقصان ہوتا ہے، اسی وجہ سے پاکستان میں ایمرجنگ ایشیا کپ کے انعقاد کا معاملہ کھٹائی میں پڑچکا، اگرچہ دونوں ملکوں کے معاملات حساس نوعیت کے ہیں مگرکئی قوموں میں اس نوعیت کے مسائل سر اٹھاتے اور ختم ہوتے رہتے ہیں، ویزوں وغیرہ کا مسئلہ بھی ہوجاتا ہے اس کے باوجود کرکٹ ٹیموں کو باہمی میچز سے روکنا مناسب نہیں۔