ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا جب کہ پاک بھارت معرکہ آرائی23 جون کوہوگی۔
ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 23 جون سے ہالینڈ میں ہوگا، یکم جولائی تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں دنیا کی6 ٹیمیں ہالینڈ، آسٹریلیا، ارجنٹائن، بیلجیئم، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔
چیمپئنز ٹرافی میں ہالینڈ میزبان ملک کی حثییت سے شرکت کررہا ہے، اسی طرح آسٹریلیا کو دفاعی چیمپئن ہونے کے ساتھ ورلڈ کپ 2014 کا بھی فاتح ہونے اور ارجنٹائن کو اولمپکس2016کے فاتح ہونے کی حثییت سے جگہ دی گئی ہے، بھارت اور پاکستان کی ٹیموں کو ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹیو بورڈ کی خصوصی دعوت پر میگا ایونٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ورلڈ ہاکی فیڈریشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کےدرمیان 23 جون کو کھیلا جائے گا، اسی روز ہالینڈ کی ٹیم ارجنٹائن کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ آسٹریلیا کا مقابلہ بیلجیئم کے ساتھ شیڈول ہے۔