(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے لیگ میچز اسلام آباد یونائیٹڈ کی برتری کے ساتھ ختم ہوگئے۔لیگ میچز میں اسلام آباد نے سب سے زیادہ 14 پوائنٹس حاصل کیے۔ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے لاہور قلندرز کی ٹیم رہی جس کو صرف 6 پوائنٹس ملے۔ایک اننگ میں سب سے بڑا اسکور کراچی کنگز نے ملتان سلطان کے خلاف 188 رنز بنایا۔ ایک اننگ میں سب سے کم 100 کا اسکور لاہور قلندرز نے بنایا، یہ میچ پشاور زلمی نے 10 وکٹوں سے جیتا تھا۔ایک میچ میں سب سے بڑا مجموعی اسکور کوئٹہ اور لاہور قلندرز کے میچ میں 355 رنز بنا جبکہ دو ٹیموں کا ایک میچ میں سب سے چھوٹا مجموعی اسکور لاہور اور پشاور کے میچ میں بنا جب دونوں ٹیموں نے 204رنز بنائے۔رنز کے حساب سے سب سے بڑی جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف 67 رنز سے حاصل کی۔ وکٹوں کے حساب سے سب سے بڑی فتح پشاور زلمی کو لاہور قلندرز کے خلاف 10 وکٹوں سے ملی۔ ایک میچ میں سب سے زیادہ ایکسٹرا رنز دینے کا منفی ریکارڈ بھی لاہور کے نام ہوا، جب اس ٹیم نے کراچی کنگز کو 19 رنز تحفے میں دیے۔لیگ میچز کے دوران نمبر ون بیٹسمین پشاور زلمی کے کامران اکمل رہے، جنہوں نے 10 میچز میں 347 رنز بنائے۔کامران نے ہی اب تک پی ایس ایل تھری کی واحد سینچری اسکور کی اور انہوں نے ہی سب سے زیادہ 36 چوکے لگائے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ کامران اکمل 2 بار صفر پر بھی آو¿ٹ ہوئے لیکن شاہین آفریدی نے صرف 7 میچز میں دو بار زیرو پر آو¿ٹ ہوکر کامران کو اس فہرست میں سب سے اوپر آنے سے بچالیا۔ مکمل 10 میچز کھیلنے والے بیٹسمین کی اوسط میں بھی کامران اکمل نمبر ون آئے اور انھوں نے43.37 کی اوسط سے لیگ میچز میں رن بنائے۔