لاہور(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ سے باہر ہونے والی تیسری ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑی اپنے اپنے ملک واپس روانہ ہوگئے۔سرفراز الیون پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں جگہ نہ بناسکی اور ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کا حصہ بننے والے غیرملکی کھلاڑی اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے۔لاہور سے اپنے وطن واپس جانے والے غیرملکی کھلاڑیوں میں کرس گرین، رلی روسو، تھسارا پریرا، ٹام کوہلر اور محمود اللہ شامل ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں میں تھسارا پریرا کا تعلق سری لنکا، محمود اللہ کا بنگلادیش، کرس گرین کا آسٹریلیا، رلی روسو کا جنوبی افریقا اور ٹام کوہلر کا انگلینڈ سے ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑی شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد مینجمنٹ نے تھسارا پریرا اور محموداللہ سے رابطہ کیا تھا اور دونوں کھلاڑی پشاور زلمی کے خلاف ٹیم کا حصہ تھے۔