لندن ( آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آئندہ چند روز میں برطانیہ کے دورے پر آئیں گے جہاں وہ زیر علاج بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور ایک ہفتہ تک لندن میں قیام کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے ۔ (ن) لیگ کے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے لندن آنے کا پروگرام بنا رہے ہیں اور ان کے وکلاءنے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دیدی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ اس اتوار یا آئندہ ہفتے میاں نواز شریف لندن پہنچ جائیں گے اور ایک ہفتے تک لندن میں ان کا قیام ہو گا اس دوران وہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور ان کے ڈاکٹرز سے بھی نواز شریف اپنی اہلیہ کی صحت کے حوالے سے معلومات حاصل کریں گے ۔ نواز شریف کی اس موقع پر اپنے بیٹوں حسین نواز اور حسن نواز سے بھی ملاقاتیں ہونگی ۔





































