لاہو( این این آئی)78واں ےوم پاکستان کل 23مارچ قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے،ےوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ،خوشحالی کی دعاﺅں سے ہوگاجبکہ تحریک پاکستان کے رہنماﺅں اور تقسیم برصغیر کی جدوجہد کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کی گراﺅنڈ میں مسلح افواج کی طرف سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئرکور،ناردرن لائٹ انفنٹری اور تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروس گروپ اورکیمل بینڈ پریڈمیں حصہ لیں گے۔ملک میں تیار کیے گئےJF-17 تھنڈر طیارے سمیت لڑاکا طیارے فضائی مظاہرہ پیش کریں گے،ملک کے مختلف حصوں کی ثقافت کی عکاسی کرنے والے فلوٹس بھی ریہرسل میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل لڑاکا طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے ، بیلسٹک اور کروز میزائل کی مکمل رینج بھی پریڈ کا حصہ ہو گی ۔گزشتہ روز مسلح افواج کے خصوصی دستے یہ دن شایان شان انداز میں منانے کیلئے مشقوں اور ریہرسل میں مصروف رہے اورشکرپڑیاں پریڈگراﺅنڈاسلام آباد میں فل ڈریس ریہرسل ہوئی ۔





































