ہرارے(ویب ڈیسک )زمبابوے میں ایک مگرمچھ اسپتال کے مرکزی دروازے پر آگیا جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اسپتال میں آمدورفت بند ہوگئی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زمبابوے کے شہر ہرارے میں واقع سینٹ پیٹرک اسپتال کے مرکزی دروازے پر اچانک ایک مگر مچھ آکر براجمان ہوگیا اور دروازے کی طرف آنے والے ہر شخص کو دیکھ کر حرکت کرنے لگا جس پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پارک اینڈ وائلڈ لائف اتھارٹی کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مقامی افراد کی جانب سے مگر مچھ کی موجودگی کی اطلاع ملی چنانچہ انسانی جان کے خطرے کے پیش نظر فوری وہاں پہنچے جہاں اسپتال کے باہر لوگوں کا ہجوم تھا بعدازاں مگر مچھ کو مار دیا گیا ہے وہ اسپتال کے دروازے پر دو گھنٹے تک موجود رہا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بے پناہ بارشوں کے باعث گزشتہ چند ہفتوں کے دوران شہر میں مگر مچھوں کے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔اس سارے واقعے میں اس بات کی وضاحت نہ ہوسکی کہ مگر مچھ اسپتال تک کیسے پہنچا کیوں کہ کسی بھی پانی کا ذخیرہ اسپتال سے کم از کم دس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔مقامی حکومتی افسر نے بتایا کہ ہمیں پانچ منٹ کے اندر 10 فون کالز موصول ہوئیں جو مگر مچھ کی موجودگی سے آگاہ کررہے تھے اور خوف زدہ تھے لیکن ابتدائی فون کالز کو ہم کسی کا مذاق سمجھے کیوں کہ یہ کیسے ممکن تھا کہ شہر کے بیچوں بیچ اسپتال تک ایک مگر مچھ پہنچ جائے اور راستے بھر کسی کو نظر نہ ا?ئے۔