لاہور (شوبزڈیسک) کنگ آف کامیڈین سینئر اداکار امان اللہ کو پرائیڈ آف پرفارمنس ملنے پر فنکاروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عرصے کے بعد امان اللہ کو ایوارڈ دیا گیا ہے جس کے وہ حقدار تھے۔ اس حوالے سے اداکار انور علی ، عابد کشمیری ، گوشی خان ،سہیل احمد ، روبی انعم ، خوشبو، ہما علی ،آفرین پری،زارا اکبر،شیزہ بٹ ،مدھو ،قیصر جاوید ،پرویز رضا ، سخاوت ناز اور نجم زیدی نے کہا کہ امان اللہ نے اپنی زندگی فن کےلئے وقف کر رکھی ہے اور وہ پچھلے 35سالوں سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیررہے ہیں ،پرائیڈ آف پرفارمنس ان کو بہت پہلے مل جانا چاہیے تھا مگر دیر آمد درست آمد ، ہم پرائیڈ آف پرفارمنس ملنے پر امان اللہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ جو بھی لوگ پرائیڈ آف پرفارمنس کے حقدار ہےں ان کو اگر انکی زندگی میں ہی اس ایوارڈ سے نواز دیا جائے تو زیادہ خوشی کی بات ہے۔