پٹنہ(ویب ڈیسک) بھارتی خاتون نے مندر کے شور کی وجہ سے اپنے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کردیا۔بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں راجپوت نگر کی رہائشی خاتون سنہیا سنگھ نے قریبی مندر سے مسلسل شور کی وجہ سے اپنے شوہر راکیش سنگھ سے اس کا حل نکالنے کےلیے کہا لیکن وہ اس شور کو بند کرنے میں ناکام رہے جس پر خاتون نے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کردیا۔سنہیا سنگھ کا کہنا تھا کہ انہیں سال میں 150 دن اس شور کو برداشت کرنا پڑتا ہے اور اب تک انہوں نے مسئلے سے لڑنے کی بھرپور کوشش کی اور اس حوالے سے پہلے پولیس میں شکایات درج کروائیں۔ بعد ازاں ڈسٹرک مجسٹریٹ، ڈائریکٹر جنرل پولیس، نیشنل ہومن رائٹس کمیشن، وزرائ ، بہار کے چیف منسٹر اور وزیراعظم تک کو تحریری طور پر آگاہ کیا لیکن کسی قسم کی شنوائی نہیں ہوئی۔خاتون کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف بھارت کے آئین کی شق 21 کے تحت انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی نظرانداز کیا جارہا ہے لہذا میں نے یہ انتہائی اہم اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب راکیش سنگھ کا کہنا تھا کہ میں اپنی بیوی کے اس مطالبے سے بہت پریشان ہوں کیوں کہ میری بیوی کا کہنا ہے کہ میں اس آدمی کے ساتھ کیسے زندگی بسر کرسکتی ہوں کہ جومجھے تحفظ فراہم نہ کرسکے جب کہ میں نے جب محلے والوں کو اپنے اس مسئلے سے آگاہ کیا تو انہوں نے ہمارے گھر پر حملے کیے اور دھمکیاں دیں۔