میچ کی پہلی اننگز میں کرناٹکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 446 رنز بنائے جس کے جواب میں دہلی کی ٹیم ابتدا میں ہی 5 وکٹیں گنوا بیٹھی اور جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو دہلی نے 5 وکٹیں گنوا کر 103 رنز بنائے تھے۔بھارتی کرکٹ کی نمائندگی کے خواہشمند اس 17 سالہ کرکٹر نے دن کے اختتام تک وکٹ نہ گنوائی اور 40 رنز پر پویلین لوٹ گیا۔ گھر لوٹا تو یہ رات اس کے لیے زندگی کی سب سے کٹھن رات ثابت ہوئی اور اس کے والد زندگی کی بازی ہار گئے۔صبح ہوتے ہوتے یہ خبر دہلی کے ڈریسنگ روم سے ہوتی ہوئی حریف ٹیم کو بھی مل چکی تھی کہ نوجوان بلے باز والد کے انتقال کے سبب بیٹنگ کے لیے نہیں آئے گا اور ٹیم مینجمنٹ نے چیتنیا نندا کو پیڈ کرکے میدان میں اترنے کی ہدایت کی۔لیکن اس وقت میدان میں موجود تمام ہی لوگوں ورطہ حیرت مبتلا ہوگئے جب انہوں نے رانجی ٹرافی میں اپنا پہلا سیزن کھیلنے والے نوجوان بلے باز کو کٹ میں ملبوس اور کٹ بیگ کے ساتھ میدان میں داخل ہوتا دیکھا۔