اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے پلان کے مطابق دورہ انگلینڈ کے دوران مڈل آرڈر پوزیشن میں کھیلنے کیلئے تیار ہیں، لمیٹڈ اوورز کرکٹ کے بعد ٹیسٹ میں بھی جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی خواہش ہے، کوشش ہو گی کہ شیڈول ٹیسٹ سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کروں۔ جمعرات کو ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مڈل آرڈر کی پوزیشن میں کھیل چکا ہوں اسلئے مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیم مینجمنٹ جو بھی ذمہ داری دے گی اسے بخوبی احسن نبھانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں جارحانہ کرکٹ کھیلنا پسند کرتا ہوں اسلئے پانچ روزہ کرکٹ میں بھی جارحانہ کھیلنے کی خواہش ہے، جس پوزیشن پر بھی کھیلنے کا موقع ملا میں اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا اولین ترجیح ہے اور اس کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ اور سکلز کو بڑھا کر ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کیمپ میں ٹیم مینجمنٹ کی ٹریننگ اور حکمت عملی کو فالو کر رہے ہیں، سینئر کھلاڑیوں کے تجربات اور مفید مشوروں سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا جس سے مجھے مستقبل میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی طرح میرا بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا خواب تھا، ٹیم میں منتخب ہونے پر بے حد خوشی ہوئی اور اب اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنا ہدف ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیسٹ کھیلنا میری زندگی کا یادگار لمحہ ہو گا۔