کولمبو (اے پی پی) سری لنکن وزارت کھیل کی تنقید کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ کے انتخابات ملتوی کر دیئے گئے، ابتدائی شیڈول کے تحت انتخابات کیلئے 19 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن اب انتخابات جون کے آخر میں یا جولائی میں ہوں گے۔ سری لنکن وزارت کھیل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے انتخابات کے طریقہ کار کی خلاف ورزی کی ہے، کھیلوں کے قوانین کے تحت غیرمعمولی جنرل اجلاس میں سری لنکن کرکٹ اراکین کی منظوری کے بعد الیکشن کمیٹی تشکیل دی جا سکتی ہے جبکہ سری لنکا بورڈ نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی اسلئے ہم نے سری لنکا کرکٹ کو کاغذات نامزدگی روکنے کی ہدایت کی ہے۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا کرکٹ کے آئین کے تحت وہ بہت جلد غیرمعمولی جنرل اجلاس طلب کریں گے۔
