حیدر آباد(ویب ڈیسک) بھارت میں ایک مسجد کے اندر مورتی رکھ کرفرقہ وارانہ کشید گی پھیلانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں گولکنڈا قلعہ کے قریب واقع تقریباً 400 سال پرانی مسجد میں شرپسندوں کی جانب سے مورتی رکھ کرفرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلی عہدیداروں نے موقع پر پہنچ کر صورت حال کنٹرول میں کرلی اور مسجد سے مورتی ہٹوا دی جب کہ مجلس بچاﺅ تحریک نے ملزمان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مقامی نوجوان نے مسجد میں مورتی رکھے جانے کی اطلاع دی تھی۔ کاروان حلقہ کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین کو بھی اس حوالہ سے مطلع کیا گیا تاکہ حالات قابومیں رکھے جاسکیں۔ پولیس دستے علاقے میں تعینات کردیئے گئے جب کہ 5شرپسندوں بیر سنگھ ،یوگیندر سنگھ، کرپال سنگھ، نوین سنگھ اور مایابائی کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔






































