اسلام آباد/پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلی کیلئے منظورآفریدی کا نام پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے مسترد کردیا۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان نے پرویز خٹک کو نگراں وزیراعلی کےلئے دوسرا نام دینے کی ہدایت کردی ہے ۔وزیراعلی پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسف زئی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلی سے متعلق رات کو مشاورتی اجلاس ہوا ہے جبکہ پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ منظور آفرید ی کا نام نہ فائنل ہوا تھا اور نہ ہی ڈراپ ہوا ہے، اپوزیشن لیڈر نے جو نام دیا ہے اس پر اپوزیشن جماعتوں نے اعتراض کیا ہم نے نہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے نامزد نگران وزیراعلی منظورآفریدی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس میں کپتان نے بطورنگران وزیراعلی نامزدگی پرمنظورآفریدی کومبارکباد دی تھی۔




































