تازہ تر ین

ویمنز ہیڈکوچ نے قومی ٹیم سے بڑی امیدیں لگالیں

کراچی (یواین پی)ایشیاءکپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے کوچ مارک کولز پاکستانی پلیئرز کی تیاریوں سے مطمئن ہیں جن کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت دیگر ٹیموں کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔تین جون سے شروع ہونے والے ایونٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے مارک کولز کا کہنا تھا کہ انہوں نے اچھی تیاریاں کی ہیں جس کے بعد امید ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت سمیت دیگر تمام حریف ٹیموں کیخلاف اچھی کرکٹ کھیلے گی۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں تمام ٹیموں کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے جس میں بھارتی ٹیم کو کافی مضبوطی ملی لیکن ان کیلئے اہمیت کی بات یہ ہے کہ حریف ٹیموں کے بارے میں سوچنے کے بجائے یہ دیکھیں کہ کہاں اور کیسے بہتر کارکردگی دکھائی جا سکتی ہے۔مارک کولز کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کو ٹیم ورک کے ساتھ انفرادی کارکردگی پر بھی توجہ درکار ہے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک گیند بھی میچ کا پانسہ پلٹ سکتی ہے اور ایسے میں کسی کو بھی فیورٹ قرار دینا درست نہیں ہوگا لیکن انہیں امید ہے کہ پاکستانی ٹیم بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ تمام کرکٹرز کو کامیابی کیلئے اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کرنی ہو گی کیونکہ کرکٹ اجتماعی کھیل ہے جس میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا میں کل سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا افتتاحی میچ تھائی لینڈ کیخلاف کھیلے گی جبکہ اسے روایتی حریف بھارت کیخلاف 9 جون کو میدان سنبھالنا ہے۔

 


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain