لاہور، اسلام آباد، لندن (مانیٹرنگ ڈیسک + نیوز ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان ایک مقبول لیڈر ہیں۔ ریحام خان کتاب میں کچھ بھی لکھ لیں عمران خان کی مقبولیت کو کوئی فرق نہیں پڑتا اصل میں سب مل کر عمران خان کے خلاف سازش کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ریحام خان کی کتاب پر اگر لوگ نااہل ہونا شروع ہوئے تو پھر ریحام خان کے پہلے شوہر جو باتیں کر رہے ہیں ان کے کہنے پر کیا ہو گا چینل ۵ کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کتابوں پر لوگ نااہل نہیں ہوتے عمران خان کا سب کو معلوم ہے لوگوں کو سب معلوم ہے کتابیں کون لکھوا رہا ہے اور کیوں لکھوا رہا ہے اور حسین حقانی کا دھندہ کیا ہے کتتاب میں کچھ بھی نہیں لوگ بے و قوف نہیں۔ عبداللہ گل نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں دشمن کو کمزور نہیں سمجھنا چاہئے عمران خان کو میرے مرحوم والد حمید گل نے ریحام خان سے شادی کرنے سے منع کیا تھا بہر حال کتاب میں جو بھی ہے عدالت بغیر ثبوت کے فیصلہ نہیں دے گی اس میں شک نہیں عمران ایک مشہور لیڈر ہیں۔ تجزیہ کار حمزہ عباسی نے کہا ہے کہ بڑے پبلشرز نے ریحام خان کی کتاب کو شائع کرنے سے انکار کر دیا ہے اب وہ اس کتاب کو خود شائع کرنا چاہ رہی ہیں کتاب کے 600 میں سے 300 صفحات اس بات پر ہیں کہ عمران خان برے انسان ہیں اور ریحام خان کتنی عظیم خاتون ہیں پھر نواز شریف اور شہباز شریف کی تعریفیں ہیں لیکن 63,63 کوئی مذاق نہیں ہے سنی سنائی باتوں پر لگ جائے جو ریحام خان نے لکھا ان کو اس کا ثبوت دینا ہو گا لندن میں قوانین بڑے سخت ہیں اور جس ای میل کی بات کی جا رہی ہے وہ تو ای میل ہی غلط ہے۔ گلوکار سلمان احمد نے کہا کتاب پر اعتراض نہیں لیکن اگر یہ الیکشن کے لئے استعمال کی جا رہی ہے تو باشعور لوگوں کو دیکھنا ہو گا اس کتاب کے مقاصد کیا ہیں۔ تجزیہ کار وجاہت علی خان نے کہا ریحام خان اور حسین حقانی کی لندن ملاقات اتفاقیہ نہیں ہمیں معلوم ہوا ہے ریحام کے پاس کتاب کا ہی مواد نہیں ان کے پاس عمران خاں کا بلیک بیری فون بھی ہے۔ برطانیہ میں پاکستانی صحافی جن کا نام مبین رشید ہے جنہوں نے ریحام خان کو پاکستانی چینل میں جاب بھی دلوائی تھی جس سے ریحام خان منحرف ہیں اور کہتی ہیں کہ ٹی وی کے مالک نے انہیں خود آفر کی تھی۔سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا من گھڑت اور جھوٹی ای میلز سے اپنا دفاع کرنا شرمناک ہے، ریحام خان سے ملاقات سے سختی سے تردید کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ وہ نہ ہی کبھی اس سے ملے ہیں اور نہ ہی انہوں نے کسی ملاقات کا اہتمام کروایا تاہم ریحام خان کی عمران خان سے شادی سے پہلے انہیں ایک نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو دے چکا ہوں اس کے علاوہ ان کی کبھی بھی ریحام خان سے ملاقات نہیں ہوئی، احسن اقبال نے کہا سابق میاں بیوی کے معاملات میں انہیں نہ گھسیٹا جائے۔ ہر شریف آدمی کی پگڑی اچھالنا اور جھوٹے الزامات لگانا تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے اور انہیں ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آنا چاہیے۔ پاکستان کے معروف ترین گلوکاروں میں سے ایک اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماسلمان خان نے ریحام خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عمران خان کو بدنام کرنے کیلئے ایک لاکھ یورو لئے ہیں۔ سلمان خان نے کہا کہ ایک قریبی ذرائع نے مجھے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ریحام خان کو کتاب لکھنے کیلئے ایک لاکھ یورو دئیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریحام خان کی کتاب کا خلاصہ یہ ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز معصوم ہیں اور شہباز شریف اگلے وزیراعظم بنیں گے۔ ریحام خان کے مطابق عمران خان منافق، جھوٹا ہے جو روزے رکھتا ہے اور نہ ہی عبادت کرتا ہے۔سلمان احمد نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ریحام خان نے ان سے رابطہ کر کے عمران خان کو بدنام کرنے کے بدلے رقم دینے کی پیشکش بھی کی۔ سلمان احمد نے کہا اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں تو آپ میرے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کریں۔ میرے پاس تمام ثبوت موجود ہیں۔ میرے پاس وہ ای میل بھی ہے جو ریحام خان نے مجھے بھیجی۔واضح رہے کہ سلمان احمد نے یہ بیان ریحام خان کی آنے والی کتاب کے حوالے سے دیا ہے جس نے ابھی سے ہی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رکھا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ کتاب عمران خان اور ریحام خان کی شادی شدہ زندگی کے گرد گھومتی ہے۔