اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)نگران وزیراعظم جسٹس(ر)ناصرالملک اپنی کابینہ کیلئے ٹیکنوکریٹس کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ سیاسی وابستگی رکھنے والے کسی فرد کو کابینہ میں شامل نہیں کیاجائے گا۔ پہلے مرحلے میں داخلہ‘ خارجہ‘ دفاع اور خزانہ کے وزراءحلف اٹھائیں گے بعدازاں کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ وزراءکے انتخاب کیلئے جسٹس (ر)ناصرالملک اپنے قریبی رفقاءاور دوستوں سمیت سابق بیوروکریٹس سے مشاورت کررہے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس ادارے بھی ان کی معاونت کررہے ہیں۔ بتایاگیا ہے کہ انہوں نے کابینہ کے سات افراد کے نام فائنل کرلئے جن میں وزارت داخلہ کیلئے سابق سنیٹر عبدالرزاق آفریدی‘ خارجہ جلیل عباس جیلانی‘ قانونی امور کیلئے بیرسٹر تیمور ملک‘ وزیردفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر)نعیم خالد لودھی‘ معروف کاروباری شخصیت تنویر الیاس سمیت افضل ولی محمود‘ سید انورمحمود‘ سعدیہ عباس اور بیلارضا جمیل کے نام لئے جارہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم آج کابینہ کے نام فائنل کرلیں گے جن سے صدر پاکستان حلف لیں گے۔
کابینہ





































