فورٹ عباس (تحصیل رپورٹر) سانحہ چولستان بچیوں کے پوسٹ مارٹم کرنے والی لیڈی ڈاکٹر ازکیٰ حلیم کے ایک فقرے نے پوری پنجاب حکومت کو پریشان کر کے رکھ دیا۔ والدین اور علاقہ کے لوگ الگ پریشان۔ چیف سیکرٹری کے حکم پر کمشنر بہاولپور نے چھ افرادپر ایک انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ چولستان میں ہلاک ہونے و الی بچیوں کا پوسٹ مارٹم کرنے والی لیڈی ڈاکٹر کے اس فقرے پر کہ” بچیوں سے ریپ ہوا ہے کہ نہیں حتمی رائے نہیں دے سکتی©” پر حکومت پنجاب حرکت میں آگئی۔ فوری طور پر ایک تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی جس میں اے ڈی سی آر اقبال گلزار،ایس پی انوسٹی گیشن سلیم نیازی، عباس رضا ناصر اسسٹنٹ کمشنر فورٹ عباس، اعجاز حسین بخاری ڈی ایس پی سرکل فورٹ عباس، نوید ممتاز ڈی ایس پی سپیشل برانچ ، رانا مسعود اسسٹنٹ سب انسپکٹر شامل ہیں۔اس تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ شام موقعہ ملاحظہ کے بعد بچیوں کے والدین ،رشتہ داروں اور ہمسائیوں سے علیحدہ علیحدہ بیانات لئے ۔بعد ازں اسسٹنٹ کمشنر آفس فورٹ عباس میں کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔جس میں خصوصی طور پر محکمہ ہیلتھ کے افسران سی او ہیلتھ شیخ عبدالعزیز، ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نعمان اور لیڈی ڈاکٹر ازکیٰ حلیم کو پابند کیا گیا تھا۔ کمیٹی کا اجلاس رات گئے شروع ہواجو صبح تک جاری رہا۔ کمیٹی کے ارکان نے محکمہ ہیلتھ کے افسران اور لیڈی ڈاکٹر کے سامنے ایک سوالنامہ رکھا۔ جس کے بارے میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز ،ڈپٹی ہیلتھ آفیسر اور لیڈی ڈاکٹرنے جوابات دیئے۔ لیڈی ڈاکٹر کا موقف تھا کہ اُس نے ابھی تک رزلٹ جاری نہیں کیا جب تک فرانزک لیبارٹری کا رزلٹ نہیں ا ٓجاتا میں رزلٹ دینے کی پوزیشن میں نہیں ۔جب کہ دیگر افسران نے لیڈی ڈاکٹر کے ابتدائی رزلٹ میں لکھے گئے فقرے کو زیر بحث لایا ۔معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ہیلتھ کے افسران بھی لیڈی ڈاکٹر کے لکھے گئے اس فقرے پہ مطمئن نہیں تھے۔ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں ہلاک ہونے والی بچیوں کے بارے میں ہر امکان کو زیر بحث لایا گیا اور اس کی ابتدائی رپورٹ تیارکر کے چیف سیکرٹری کو روانہ کر دی ۔کمیٹی کے ارکان کی یہ رائے تھی کی یہ قدرتی طور پر ریت کے طوفان میں راستہ بھول کر بھوک، پیاس سے وفات پا گئیں ہیں ۔اس میں کوئی دوسرے پہلو کے اثرات نہیں ۔علاوہ ازیں بچیوں کے ورثاء،رشتہ داروں اور قریبی لوگوں نے بھی کسی دشمنی یا زیادتی کے امکان کو یکسر رد کر دیا۔ کمیٹی ارکان کے مطابق مزید تحقیق جاری ہے۔





































