سرگودھا (محمد کامران ملک سے) محافظ پولیس سکواڈ کا کارنامہ، دِن دیہاڑے شہری کو لوٹ لیا۔ موٹر سائیکل کاغذات چیکنگ کی آڑ میں ناکہ لگا کر 5ہزار روپے چھین لیے منت سماجت کرنے پر ناجائز مقدمہ میں پھنسانے کی دھمکیاں۔ تھپڑ بھی مارے متاثرہ نوجوان مدد کے لیے خبریں ہیلپ لائن پہنچ گیا۔ ڈی پی او آر پی او آئی جی پنجاب پولیس نگران وزیر اعلی پنجاب اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا کا رہائشی عابد جو کہ محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے اور بڑھاپے میں والدین کا واحد سہارا ہے۔ متاثرہ نوجوان عابد نے ظلم کی داستان سناتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ روز تقریبا ساڑھے چار بجے شام میں چوکی بھاگٹ سے رشتہ داروں سے ملکر واپس آ رہا تھا کہ 9نمبر چونگی سے قبل نہر کی پلی پر سکواڈ ملازمین نے مجھے روکا جو کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے اور تعداد میں 2تھے اُنہوں نے مجھ سے موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کاپی مانگی تو میں نے جواب دیا کہ گھر پر ہے جس پر اُنہوں نے میری جامہ تلاشی لینی شروع کر دی اور میرا پرس بھی نکال لیا جس میں کل ٹوٹل 7ہزار روپے تھے جس پر سکواڈ ملازمین بے ایمان ہو گئے اور میری رقم خرد برد کرنے کی کوشش کرنے لگے میری منت سماجت کرنے پر مذکورہ نے 2ہزار روپے واپس کر دیئے جبکہ بقیہ رقم مانگنے پر مجھے تھپڑ بھی مارے اور ناجائز مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دینے لگے جس پر میں خوفزدہ ہو گیا میری خبریں ہیلپ لائن کے توسط سے افسران بالا سے اپیل ہے کہ اِن کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور محکمہ سے انکا قلع قمع کیا جائے اور میرے پورے مہینہ کا جیب خرچ واپس دلایا جائے ورنہ میرا پورا گھر فاقے کاٹنے پر مجبور ہو جائے گا۔






































