اسلام آباد( ویب ڈیسک ) الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار مہتاب عباسی، خواجہ آصف اور پی ٹی آئی کی فردوس عاشق اعوان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی پر مشتمل الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف سرمد حنیف کی دائر اپیل پر سماعت کی، ٹریبونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کر دیا۔ ٹریبونل نے اپنے فیصلے میں اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔دوسری جانب جسٹس سید شہباز رضوی نے ہی این اے 72 سے ووٹر زید لطیف کی جانب سے فردوس عاشق کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ سنایا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ فردوس عاشق اعوان نے کاغذات نامزدگی میں شادی اور بچوں کا خانہ پر نہیں کیا اس کے علاوہ انہوں نے اپنی جائیدادوں کی تفصیلات بھی کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیں جب کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی قانون کے مطابق منظور کیے، ٹریبونل نے دلائل سننے کے بعد اپیل مسترد کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ایپلیٹ ٹریبونل نے شاہد خاقان عباسی اور سردار مہتاب عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے سے متعلق ریٹننگ آفیسر کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا۔