لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) کالم نگار میاں حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگی رہنما قمر الاسلام کی گرفتاری ایک اہم مسئلہ بنا ہوا ہے اور اس پر عوامی رد عمل بھی پایا جاتا ہے ، چینل ۵ کے پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض اوقات چھوٹے واقعات انسان کی حمایت میں چلے جاتے ہیں، ان کی گرفتاری سے اچھا تاثر نہیں گیا، تھوڑا انتظار کرلیا جاتا تو بہتر تھا، اس پر نظر ثانی ہونی چاہئے ، کالاباغ ڈیم پر شہبازشریف کو ایسی بات نہیں کرنی چاہئے تھی ، سیاسی جماعتیں اس کو اپنے منشور میں شامل کریں، اب کالا باغ ڈیم بن جانا چاہئے ، سیاسی جماعتوں کا ویژن صاف نہیں، سینئر صحافی امجد اقبال نے کہا قمرالاسلام کی گرفتاری نے انکو ملک میں متعارف کرادیا اس سے قبل ان کے بارے کسی کو معلوم نہیں تھا ، انکی گرفتاری سے انکو فائدہ ہوگا، تحریک انصاف کے ووٹ حلقے میں اپنی جگہ رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ کالاباغ ڈیم کی بات پر توجہ دی جائے ، کالا باغ ڈیم بن سکتا ہے لیکن اس کو سیاسی نعرہ نہ بنایا جائے ، اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا ، چاروں صوبوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہئے ، چیئرمین نیب نے جس عزم کا اظہار کیا اس سے انکی بہادری کا پتہ چلتا ہے ، کالم نگار توصیف احمد خان نے کہا کہ اگر قمرالاسلام کو ایک ماہ اور گرفتار نہ کیا جاتا تو شاید بہتر تھا ، کہیں ایسا تو نہیں یہ قمرالاسلام کو کامیاب کرانے کی سازش ہو، کالا باغ ڈیم قومی نوعیت کا مسئلہ ہے، کالا باغ ڈیم پر سندھیوں کا موقف بڑا مختلف ہے کہ پانی سے بجلی نکال لی گئی تو کیا بچے گا، انہوں نے کہا سب کی عزت کی جائے ، کسی کو حق نہیں کہ کسی کی توہین کرے، کالم نگار میاں سیف الرحمن نے کہا کہ لگتا ہے کہ ریاستی سیاست ہو رہی ہے ، قمر الاسلام کی گرفتاری کے ڈانڈے اگر کہیں اور سے نہ بھی ملتے ہوں تو ملا دیئے جائیں گے ، عدالت کسی ایک فرد کا نہیں ادارے کا نام ہے ، جتنے بھی اینٹی کرپشن ادارے ہوتے ہیں وہ پہلے طلب کرتے ہیں اسکے بعد گرفتار کرتے ہیں۔





































