لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے وطن واپسی کے اعلان پر ن لیگ نے جمعہ کو ملک بھر کے تمام کارکنوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی۔ لندن میں موجود مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے جمعہ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے کا اعلان کردیا ہے۔ نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس کے مقدمے میں ان کی گرفتاری کے وارنٹ حاصل کر کے ایئرپورٹ پر ہی دونوں کی گرفتاری کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے اپنے قائد کی وطن واپسی کے موقع پر ملک بھر سے کارکنوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی۔ ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک بھر سے کارکنان اسلام آباد پہنچیں اور اپنے قائد کا بھرپور طریقے سے استقبال کریں۔ واضح رہے کہ نیب حکام نے قانون کے مطابق نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کے لیے لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی ہے۔ نیب کا کہنا ہے نواز شریف اور مریم نواز کو پاکستان پہنچتے ہی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جائے گا۔