جیکب آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زردار ی اور ان کی بہن سندھ کا پیسہ چوری کرتے ہیں۔اڈیالہ جیل اب آصف زرداری اور شہبازشریف کا انتظار کررہی ہے ، 22جولائی کو کراچی میں بڑا جلسہ کریں گے جس میں سندھ بھر سے لوگ شرکت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو کے نام پر عوام کو لوٹا ، جتنی لوٹ مار سندھ میں ہوئی ہے وہ کسی صوبے میں نہیں ہوئی۔پیپلز پارٹی 10سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے اور پیپلز پارٹی نے اندر ون سندھ کھل کر لوٹ مار کی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور ان کی بہن سندھ کا پیسہ چوری کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی والے سندھ کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک لے جاتے ہیں، 25جولائی کو عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ سندھ کی 75فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔کسی صوبے میں اس طرح عوام کولوٹا نہیں گیا جس طرح سندھ میں لوٹا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 10سال سے حکومت کررہے ہیں اور عوام کے لئے روٹی ، کپڑا اور مکان کا شور مچاتے ہیں۔آصف زرداری الیکشن مہم میں نہیںآرہے۔ اگر وہ الیکشن مہم میں آئیں گے تو ووٹ کم ہونگے۔ اندرون سندھ 67فیصد بچوں کو صحیح خوراک نہیں ملتی۔ آصف زرداری جمہوریت کی آڑ میں لوگوں کو لوٹ رہے ہیںاورجب چوری پکڑی جائے تو جمہوریت کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔پیپلز پارٹی والے ڈراکر عوام سے ووٹ لیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی عوام کو ڈرانے کیلئے پولیس اور غنڈوں کو استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سن لوصرف آٹھ دن رہے گئے ہیں۔ اڈیالہ جیل اب شہباز شریف اور آصف ز رداری کا انتظار کررہی ہے۔ بلاول بھٹو عوام میں نہیں آرہے۔ وہ سب کچھ چار دیواری میں ہی کر رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے کے ساتھ ملکرزرداری کو شکست دیں گے۔ آصف رزداری نے ایک بچے کوا لیکشن لڑنے کے لئے بھیج دیا ہے۔بلاول کو سندھ کے مسائل کا پتہ ہی نہیں۔ سندھ کے عوام کو پانی ، صحت اور غربت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ پیپلز پارٹی والے کسانوں کو سزا دینے کے لئے ان کا پانی بھی بند کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 22جولائی کوکراچی میں بڑا جلسہ کریں اور سندھ بھر سے عوام جلسے میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ معصوم شکل والے بھائیوں نے مجھ پر 32ایف آئی آر درج کروائیں۔ یہ لوگ 30سال سے باریاں لے رہے ہیں۔زرداری کو تو اتنا نہیں پتہ کہ ان کا کتنا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے ؟