مری (مانیٹرنگ ڈیسک) انتخابی مہم کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراﺅ کردیا تاہم سابق وزیراعظم اس واقعے میں محفوظ رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی یوسی گہل کے علاقہ کوہٹی کاکڑائی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پہنچے تو بعض مشتعل افراد نے ان کے قافلے پر پتھراﺅ کردیا، سنگ باری کرنے والے افراد مقامی سطح پر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور ترقیاتی کام نہ ہونے پر مشتعل تھے۔ پتھرا کے باعث قافلے میں شامل ایک نوجوان زخمی ہوا جس کی شناخت بشارت عباسی کے نام سے ہوئی ہے جب کہ اس واقعے میں سابق وزیراعظم محفوظ رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی شاہد خاقان عباسی کا قافلہ کارنر میٹنگ کے لیے رکا تو چند نوجوانوں نے پتھرا کردیا اور چور آیا چور آیا کے نعرے لگائے، سابق وزیراعظم کو پولیس اور پارٹی کارکنان باحفاظت لے گئے۔ یہ بھی پڑھیں: لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر مشتعل مظاہرین کا حملہ، متعدد افراد زخمی واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور کسی بھی ناخشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔