ڈھاکہ(نیوزایجنسیاں)ساف سوزوکی کپ2018ء میں پاکستان نے بھوٹان کو 0-3 سے شکست دیکر13سال بعد سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ نیپال نے میزبان بنگلہ دیش کو 2-0سے ہراکر ناصرف فائنل فورمیں جگہ بنائی بلکہ گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمانے کیساتھ میزبان بنگلہ دیش کو بھی میگا ایونٹ سے باہرکردیا۔نیپال ،پاکستان اوربنگلہ دیش نے 3،3میچزمیں سے 2،2جیتے مگر بہتر+4گول اوسط کیساتھ نیپال پہلے،+3گول اوسط کے ساتھ پاکستان دوسرے اورمیزبان بنگلہ دیش +1گول اوسط کے ساتھ تیسرے نمبرپررہا۔بھوٹان کی ٹیم گروپ میں تمام تینوں میچزہارگئی۔گرین شرٹس نے 2005ءمیں آخری بارسیمی فائنل کھیلنے کااعزازحاصل کیا تھا۔پاکستان نے بھوٹان کو 0-3 سے شکست دیتے ہوئے ساف کپ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، حریف ٹیم نے ابتدا میں تھوڑی مزاحمت دکھائی، کھیل کے 20 ویں منٹ میں محمد ریاض نے کپتان صدام حسین کو ایک عمدہ پاس پر گول داغ کر پاکستان کو برتری دلادی۔9 منٹ بعد محمد علی نے بھوٹان کے دفاع میں شگاف کیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حسن بشیر نے سکور 0-2 کردیا، دوسرے ہاف میں بھوٹان نے دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے تابڑ توڑ حملے ناکام بنائے۔انجری ٹائم میں محمد علی نے فہیم احمد کو ایک بہترین پاس دیا جس پر گول داغنے میں انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی، پاکستان نے اس فتح کے ساتھ نہ صرف قیمتی پوائنٹس حاصل کیے بلکہ اپنی گول اوسط بھی بہتر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔گروپ اے کے دوسرے میچ میں نیپال نے میزبان بنگلہ دیش کو 2-0سے ہراکرسیمی فائنل کاٹکٹ کٹوایا۔فاتح سائیڈکی جانب سے بیمال گارتی ماگر اورسریشتا نے گول سکورکیے۔آج گروپ بی میں دفاعی چمپئن بھارت اورمالدیپ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔






































