فلوریڈا(ویب ڈیسک) ماضی کے مشہور ریسلر، بلکہ یہ کہئے کہ ریسلنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ، انڈرٹیکر پردے سے ایسے غائب ہوئے کہ ان کے پرستار تو انہیں دیکھنے کو ترس گئے۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ان کی صحت کے سنگین مسائل کے بارے میں بھی خبریں سامنے آتی رہیں اور اب جبکہ پرستار انہیں پھر سے دیکھنے کی امید ہی چھوڑ چکے تھے تو وہ اپنے قریبی دوست ریسلر رک فلیئر کی شادی کے موقع پر ایک طویل عرصے کی گوشہ نشینی کے بعد پھر سامنے آ گئے ہیں۔امریکا کے شہر فلوریڈا میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں انڈرٹیکر، جن کا اصل نام مارک کیلوے ہے، نے اپنی اہلیہ سپر سٹار ریسلر مشیل میک کول کے ساتھ شرکت کی۔انہوں نے دولہا رک فلیئر اور دلہن وینڈی بارلو کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر بھی بنوائی جو سوشل میڈیا پر خوب گردش کررہی ہے اور ان کے پرستار انہیں طویل عرصے بعد دیکھ کر بہت خوش ہیں۔صرف ان کے سوشل میڈیا پرستار ہی نہیں بلکہ شادی میں شریک مہمان بھی انڈرٹیکر کو اپنے درمیان دیکھ کر حیران رہ گئے اور ان کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے۔ اس موقع پر دولہے رک فلیئر کا کہنا تھا کہ مجھے تو یوں لگ رہا ہے کہ اس تقریب کے خاص مہمان میں اور میری دلہن نہیں بلکہ ہمارا دوست انڈرٹیکر ہے۔