اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان دسمبر میں ’ایشین فٹ سل چیمپئن شپ “ کی پاکستان سپورٹس کملیکس میں میزبانی کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹ سل فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان علی نے کہا کہ چیمپئن شپ کا آغاز 12 تاریخ کو ہوگا جو کہ 16 دسمبر تک جاری رہے گی ، اس میں 12 ممالک حصہ لیں گے اور دعوت نامے بھی تمام ممالک کو بھیجے جا چکے ہیں۔مہر بان علی کا کہناتھا کہ چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں متحدہ عرب امارات ، ترکی ، نیپال ، بنگلہ دیش ، تائیوان ، افغانستان ، پاکستان ، سنگا پور ، سری لنکا ، تھائی لینڈ اور بھارت شامل ہیں۔ان کا کہناتھا کہ ان میں سے سات ممالک کی جانب سے ٹیم بھیجنے کی تصدیق کر دی گئی ہے تاہم ابھی تک سنگا پور ، سری لنکا ، بنگلہ دیش ، تھائی لینڈ اور بھارت سے جواب موصول نہیں ہواہے۔انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی ٹیمیں 8 دسمبر سے پاکستان آنا شروع ہو جائیں گی۔ کامیابی حاصل کرنے والوں اور اچھا کھیل پیش کرنے والوں میں ٹرافیز ، میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ” فیوٹ سل “ ایک فٹ بال کی طرح کا ہی کھیل ہے لیکن یہ گھاس والے گراونڈ پر نہیں بلکہ سخت فرش پر کھیلا جاتاہے اور اس کا کورٹ بھی فٹبال کے کورٹ سے چھوٹا ہوتاہے۔اس میں دونوں ٹیموں کے پانچ پانچ کھلاڑی ہوتے ہیں جن میں ایک گول کیپر بھی شامل ہوتاہے۔





































