ابوظہبی(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں میں اعتماد کی کمی کو بیٹنگ میں ناکامی کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔ گزشتہ روزدبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کو ہر شعبے میں آٹ کلاس کرتے ہوئے یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے با آسانی شکست دے دی تھی۔میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ میں اعتماد کا شدید بحران ہے، اور ڈریسنگ روم میں موجود کھلاڑیوں کو اپنی ناکامی کا ڈر رہتا ہے، تاہم یہاں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم بطور ٹیم کہاں کھڑے ہیں۔ کھلاڑیوں میں اعتماد میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے فخر زمان کی مثال دی اور کہا کہ جب بھارتی بالنگ نے ان پر دبا بڑھانے کی کوشش کی تو وہ جارحانہ آغاز دینے میں ناکام ہوگئے اور یہی وجہ ہے کہ پاور پلے کے اختتام پر 31 گیندوں پر ان کا اسکور صرف 12 تھا۔کوچ مکی آرتھر کے لیے دوسری تشویش باﺅلنگ ڈپارٹمنٹ ہے جو، ان کے مطابق، اپنے منصوبوں سے ہی ہٹ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بالنگ میں تحمل نہیں تھا، یہ بہت مایوس کن تھی اور اسی وجہ سے ہم گھبراہٹ کا شکار ہوگئے۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایشیا کپ میں پیش آنے والی مشکلات سے مستقبل میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔





































