دبئی (اے پی پی) ٹی 10 لیگ کے آئیکون پلیئرز شاہد آفریدی اور وریندر سہواگ نے کہا ہے کہ ٹی 10 لیگ سے شائقین کرکٹ کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگا، یہ ایک اچھا فارمیٹ ہے اور شائقین کم وقت میں انٹرٹینمنٹ کا بہترین موقع ملے گا، لیگ کے انعقاد سے کرکٹ کے اولمپکس گیمز میں شمولیت کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی میں ٹی 10 لیگ کی تشہری مہم کے سلسلے میں منعقدہ ٹاک شو میں کیا۔ ٹاک شو میں لیگ کے چیئرمین نواب شجیع الملک نے بھی شرکت کی۔ سابق پاکستانی آل راﺅنڈر بوم بوم آفریدی نے کہا ہے کہ لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں کم وقت میں انٹرینٹمٹ کا موقع ملے اور میرے خیال میں اس سے بہتر کوئی آپشن نہیں، لیگ سے کرکٹرز کو بھی کھیلنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے اور وہ زیادہ عرصے تک کرکٹ کھیل سکیں گے۔ سابق جارح مزاج بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے ٹی 10 لیگ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھا فارمیٹ ہے، کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلی جا سکتی ہے، اس کے پہلے ایڈیشن سے تمام بین الاقوامی کھلاڑی مطمئن ہیں کیونکہ انہوں نے اس فارمیٹ کو خوب انجوائے کیا۔ مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی ٹیموں کی تعریف کی اور ان کی جیتنے کی بھی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں اس بار 2 اضافی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس سے مزید کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے ٹی 10 لیگ کے ”ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام“ کی بھی تعریف کی اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیا۔ سہواگ نے کہا کہ ٹی 10 ایک اچھا فارمیٹ ہے میں نے اور شاہد آفریدی نے ٹیسٹ اور ون ڈے کو بھی ہمیشہ اسی فارمیٹ پر کھیلا ہے، نئے فارمیٹ میں کم وقت میں زیادہ سے زیادہ میچز کا ہونا اچھی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فارمیٹ میں ایک بیٹسمین یا ایک باﺅلر میچ جتوا سکتا ہے کیونکہ صرف ایک کھلاڑی کی اچھی کارکردگی میچ پر اثر انداز ہو گی اور یہی اس فارمیٹ کی خوبی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیگ کے انعقاد سے کرکٹ کے اولمپکس گیمز میں شمولیت کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔
