لاہور(نیوزایجنسیاں) ڈوپ ٹیسٹ میں معطل کرکٹر احمد شہزاد کو کلب میچ کھیلنے پر پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔اوپنر کو پچیس اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آنے پر احمد شہزاد کو چار ماہ کے لئے کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کیا ہوا ہے یہ پابندی دس نومبر کو ختم ہونی ہے۔کرکٹ میں بیڈ بواے امیج رکھنے کے حوالے سے مشہور احمد شہزاد نے اپنے کلب مسلم جم خانہ کی طرف سے چوری چھپے سات میچز میں شرکت کی ، رولز کے مطابق معطلی پیریڈ میں صرف ٹریننگ کی اجازت ہوتی ہے، کلب میچ یا کھیل سے متعلق کسی دوسری سرگرمی میں شرکت ممنوع ہوتی ہے۔احمد شہزاد پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی کرکے مزید مشکلات میں پھنس گئے ہیں۔ پی سی بی نے پانچ اکتوبر کو احمد شہزاد پر پابندی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔ڈوپ ٹیسٹ کے لئے احمد شہزاد کا یورین سیمپل رواں سال 3 مئی کو فیصل آباد میں پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا۔، نتیجہ مثبت آنے پر ریویو بورڈ نے بھی تصدیق کردی تھی کہ اوپنر نے ممنوعہ دوا کا استعمال کیا، پی سی بی نے انہیں 10 جولائی کو چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے ہر قسم کی کرکٹ سے معطل کرکے جواب طلب کرلیا تھا۔احمد شہزاد کو بی سیمپل کا ٹیسٹ کرانے کے لئے 18 جولائی تک بورڈ سے رجوع کرنا تھا لیکن انہوں نے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا، پھر اپنا کیس لڑنے کے لئے بطور وکیل بابراعوان کی خدمات حاصل کرلیں۔ بعد ازاں انہوں نے قانونی جنگ نہ لڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
